ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی، وزیراعظم نے خصوصی کمیٹی قائم کر دی

روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنا ایک پریشان کن علامت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے روپے کی قدر میں ہونے والی ریکارڈ کمی پر قابو پانے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق، یہ کمیٹی مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے جس میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر بھی بطور رُکن شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ای سی اے پی) کے ارکان نے بھی شرکت کی جنہوں نے وزیراعظم کو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ہونے والی کمی کی وجوہات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

کمیٹی، ای سی اے پی کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کرے گی کہ آیا پاکستانی شہریوں کو بیرون ملک 10 ہزار ڈالر لے جانے کی اجازت کو کم کر کے تین ہزار ڈالر کیا جا سکتا ہے یا نہیں؟



ای سی اے پی کے صدر ملک بوستان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ان کی تجاویز پر غور کیا ہے اور یہ یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کی پیش کردہ تجاویز کی روشنی میں کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کے باعث پاکستان کو دنیا بھر میں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے اس اجلاس میں فیڈرول بورڈ آف ریونیو کے سربراہ اور ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل بھی شریک ہوئے۔