سعودی عرب نے تیل تنصیبات پر حملوں کا الزام ایران پر عائد کر دیا

سعودی عرب نے تیل تنصیبات پر حملوں کا الزام ایران پر عائد کر دیا
ریاض: سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے الزام عائد کیا ہے کہ سعودی تیل تنصیبات پر دہشت گرد حملوں کا حکم ایران کی حکومت نے دیا۔

شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ ایران نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملہ حوثی باغیوں سے کرایا۔سعودی وزیر نے کہا کہ ایران ان گروپوں کو خطے میں اپنے ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناتھا کہ سعودی تیل بردار جہازوں پر حملے میں ایران ملوث ہوا تو کارروائی میں دیر نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے گزشتہ روز بندرگاہ ينبع البحر میں تیل کے پمپنگ اسٹیشن کی پائپ لائن نمبر 8 اور 9  پر دہشت گردوں کی جانب سے دو ڈرون حملوں سے آگاہ کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا تھا کہ حملوں میں کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔