Get Alerts

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ٹویٹر پر فالوورز کی تعداد کم ہونے پر پریشان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ٹویٹر پر اپنے فالوورز کی تعداد میں ہونے والی مسلسل کمی پر اس قدر رنجیدہ ہیں کہ انہوں نے ٹویٹر پر قدامت پسندوں کے حوالے سے تعصب برتنے کا الزام عائد کر ڈالا۔

بعدازاں، وائٹ ہائوس کی دعوت پر ٹویٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک ڈورسی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی، نصف گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں وہ اپنے مہمان سے یہ استفسار ہی کرتے رہے کہ ٹویٹر پر میرے فالوورز کی تعداد کیوں کم ہو رہی ہے؟

امریکی صدر نے جیک ڈورسی سے ملاقات کی تصویر ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے مثبت رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا، وائٹ ہائوس میں جیک ڈورسی سے ہونے والی ملاقات زبردست رہی جس میں ان کے پلیٹ فارم سے جڑے متعدد مسائل زیربحث آئے اور عمومی طور پر سماجی میڈیا کے موضوع پر بات ہوئی۔

یہ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ماضی میں متعدد بار سماجی میڈیا پر اپنے صارفین کی تعداد کم ہونے پر افسردگی کا اظہار کر چکے ہیں اور انہوں نے اس ملاقات سے کچھ گھنٹے قبل ہی ٹویٹر پر تعصب برتنے کا الزام عائد کیا تھا۔



سوشل میڈیا کا ناقدانہ جائزہ لینے والی کمپنی ’’کیوہول‘‘ کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ برس جولائی میں امریکی صدر کے ٹویٹر پر دو لاکھ چار ہزار فالوورز کم ہو گئے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے فالوورز کی تعداد میں کمی اس وقت نوٹ کی گئی تھی جب ٹویٹر نے 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں جعلی خبریں پھیلانے والے اکائونٹس کو غیرفعال کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں امریکی صدر ٹرمپ نے ٹویٹر پر جانبداری برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے اکائونٹ سے ہزاروں فالوورز کو غیر فعال کر دیا گیا ہے۔