Get Alerts

لیجینڈ مصور جمیل نقش چل بسے

برصغیر کے لیجینڈ مصور جمیل نقش 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

وہ گزشتہ کئی برسوں سے لندن میں مقیم تھے، اور پچھلے کچھ دنوں سے نمونیہ کے مرض میں مبتلا تھے جنہیں علاج کے لیے سینٹ میری ہسپتال داخل کروایا گیا تھا۔

جمیل نقش 1939 میں بھارت کے شہر کیرانہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے تقسیم کے بعد پاکستان کا رُخ کیا اور فنون کی عظیم درس گاہ نیشنل کالج آف آرٹس، لاہور میں داخلہ لے لیا۔



مرحوم نے اپنے منفرد طرز مصوری کے باعث ناصرف جنوبی ایشیا بلکہ دنیا بھر میں اپنا الگ مقام بنایا۔

جمیل نقش علامتی فن مصوری اور کیلی گرافی میں مہارت رکھتے تھے۔

حکومت پاکستان نے فن مصوری میں غیرمعمولی خدمات پر انہیں 1989 میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور 2000 میں ستارہ امتیاز سے نوازا۔



جمیل نقش فن مصوری کی اس نسل سے تعلق رکھتے تھے جنہوں نے رنگوں کے اس فن کا ایک منفرد جہت دی۔

دنیا بھر میں مرحوم کے مداحین کی ایک بڑی تعداد نے ان کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ان کے فن پارے لگا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔