'پاکستان میں نوجوان سب سے زیادہ کرونا کے نشانے پر ہیں'

'پاکستان میں نوجوان سب سے زیادہ کرونا کے نشانے پر ہیں'


حکومتی ڈیٹا کے مطابق پاکستان میں کورونا کے باعث شرح اموات 2.1 فیصد ہے جبکہ اس بیماری سے صحت یاب ہونے والے افراد کی شرح 28 فیصد ہے۔


پاکستان میں کرونا کا سب سے زیادہ نشانہ ایسے افراد بن رہے ہیں کہ  جن کی عمریں 20 سے 29 سال کے درمیان ہیں جبکہ اس مرض کے باعث  سب سے زیادہ ہلاک ہونے والے ایسے افراد ہیں جن کی عمریں 60 سے 69 برس کے درمیان ہیں۔ ان متاثرین میں سے 21.46 فیصد متاثرین کی عمریں 20 سے 29 سال کے درمیان ہیں، 21.05 فیصد متاثرین کی عمریں 30 سے 39 سال کے درمیان ہیں، 15.98 فیصد متاثرین کی عمریں 40 سے 49 برس کے درمیان ہیں۔


اسی طرح 14.85 فیصد متاثرین کی عمریں 50 سے 59 برس کے درمیان ہیں، 9.36 فیصد کی عمریں 60 سے 69 برس کے درمیان جبکہ 6.62 فیصد متاثرین کی عمریں 10 سے 19 برس کے درمیان ہیں۔


کرونا کے باعث اب تک ملک میں 838 اموات ہو چکی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اگرچہ نوجوان لوگ اس وبا سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں مگر انتقال کرنے والوں میں زیادہ تعداد بڑی عمر کے متاثرین کی ہے۔


ہلاک ہونے والے 32.64 فیصد مریضوں کی عمریں 60 سے 69 برس کے درمیان ہیں، 25.33 فیصد کی عمریں 50 سے 59 برس کے درمیان ہیں، 16.71 فیصد کی عمریں 70 سے 79 برس کے درمیان ہیں، 13.06 فیصد کی عمریں 40 سے 49 برس کے درمیان جبکہ 7.31 فیصد افراد کی عمر 80 برس یا اس سے زیادہ تھی۔


گذشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 1581 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اسی دوران  31 مریض انتقال کر گئے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 6055 کورونا ٹیسٹ پنجاب میں ہوئے ہیں جبکہ سندھ میں 5566، خیبرپختونخوا میں 1633، خیبر پختونخوا میں 1637، اسلام آباد میں 958، گلگت بلتستان میں 87، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 161 جبکہ صوبہ بلوچستان میں 354 ٹیسٹ ہوئے ہیں۔