اینٹی کرپشن نے سابق ایم پی اے ملک مظفر اعوان کو طلب کر لیا

اینٹی کرپشن نے سابق ایم پی اے ملک مظفر اعوان کو طلب کر لیا
اینٹی کرپشن کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق وزرا کے خلاف کارروائیاں جاری، سابق ایم پی اے ملک مظفر اعوان کو اینٹی کرپشن پنجاب نے 17 مئی کو طلب کرلیا۔

اینٹی کرپشن کی جانب سے طلبی کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا۔

اینٹی کرپشن کے مطابق ملک مظفر اعوان پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر گرین ٹاون ہاوسنگ سکیم بنائی۔

اینٹی کرپشن کا مزید کہنا ہے کہ ملک مظفر اعوان نے سیاسی اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے بغیر کسی سرکاری ادارے کا این او سی حاصل کیے ہاوسنگ سکیم بنائی۔ سابق ایم پی اے نے ہاؤسنگ سوسائٹی ڈویلپمنٹ کرنے سے قبل کوئی سرکاری فیس ادا نہ کی۔

ملک مظفر اعوان نے سیاسی اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے سرکاری پلاٹ نمبر 34 پر تحریک انصاف کا دفتر قائم کیا۔

علاوہ ازیں ملک مظفر نے سرکاری پلاٹ نمبر 33-32 پر پٹرول پمپ بنا رکھا ہے اور سڑک کی اراضی پر ناجائز دکانیں تعمیر کرکے کرائے پر دے رکھی ہیں۔



واضح رہے کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق وزرا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جس کے تحت سابق وفاقی وزیر زرتاج گل اور ان کے خاوند ہمایوں رضا اخوند، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، ایم این اے عامر کیانی، پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے محمد فاروق اعظم ملک، سابق ایم پی اے چوہدری محمد احسان الحق، سابق ایم پی اے صاحبزدہ محمد غنی عباسی، سابق صوبائی وزیر سمیع اللہ چوہدری اور سابق ایم پی اے ڈاکٹر محمد افضل سیمت دیگر وزرا، ایم پی ایز اور ایم این ایز کو مختلف مقدمات کی تحقیقات کے لیے طلب کیا جا چکا ہے۔ علاوہ ازیں اینٹی کرپشن نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز شیخ یعقوب اور میاں آصف کاٹھیا کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔