حکومتی ٹیم اور تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق خادم حسین رضوی کچھ دیر میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کریں گے۔ حکومتی ٹیم کی سربراہی وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کی ہے۔ معاہدے کے مطابق ریلی کے دوران پکڑے جانے والے کارکنان کو بری کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقعہ فیض آباد چوک پر تحریک لبیک پاکستان کا دھرنا جاری ہے جس میں بڑی تعداد میں کارکنان شریک ہیں۔
اس دھرنے کے شرکا کا کہنا ہے کہ جب تک پاکستان میں تعینات فرانس کے سفیر کو واپس نہیں بھیجا جاتا، وہ دھرنا ختم نہیں کریں گے۔
تحریکِ لبیک پاکستان نے اتوار کو فرانس میں پیغمبرِ اسلام کے خاکوں کی اشاعت کے خلاف راولپنڈی میں لیاقت باغ سے فیض آباد تک ’ناموسِ رسالتِ ریلی‘ نکالی تھی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی۔ یہ ریلی اتوار کو رات گئے فیض آباد پل پر پہنچی جہاں اس کے شرکا نے دھرنا دے دیا۔