قومی کرکٹ ٹیم کے اہم فاسٹ باولر کی ورلڈ کپ 2023 میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ نسیم شاہ کندھے کی انجری کے باعث بھارت میں شیڈول ورلڈکپ میچز کے ابتدائی مقابلوں میں ٹیم کا حصہ نہیں لے سکیں گے۔
ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران نسیم شاہ کے دائیں کندھے میں چوٹ لگی تھی۔ میڈیکل پینل کی جانب سے نسیم شاہ کو ورلڈ کپ سے قبل آرام کے لیے کہا گیا تھا۔
پاکستان ٹیم کے ڈاکٹر سہیل سلیم کے مطابق حارث رؤف کو بھارت کے خلاف ریزرو ڈے میں احتیاطی طور پر بولنگ نہیں کرائی گی تھی۔ وہ تیزی سے بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔ ان کا سائیڈسٹرین پہلے سے بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فاسٹ باولرز ٹیم کا اثاثہ ہیں اور میڈیکل پینل ان کو ری کور کرانے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔
کرک انفو کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر نسیم شاہ کے دائیں کندھے میں چوٹ لگنے کے بعد ان کے ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق فاسٹ باولر کی انجری پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) دوسری رائے طلب کر رہا ہے تاہم فاسٹ باولر نسیم شاہ کے کندھے کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے ۔ نسیم شاہ کی پہلی ایم آر آئی رپورٹ کلئیر نہیں آئی۔ کولمبو سے وطن واپسی پر دبئی میں نسیم شاہ کی ایم آر آئی کروائی گئی۔دبئی میں ہونے والی ایم آر آئی رپورٹ کے مطابق نسیم شاہ ایک سال کے لیے کرکٹ سے باہر ہوسکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سال کے اختتام پر آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان کی شرکت پر مشکوک ہے جب کہ ان کا پاکستان سپر لیگ کے اگلے سیزن سے بھی باہر رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ایشیا کپ سپُر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے تھے۔
ایشیا کپ میں نسیم شاہ کی جگہ زمان خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جب کہ ایک اور ممکنہ متبادل محمد حسنین بھی اس وقت انجری کا شکار ہیں۔