Get Alerts

فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو قومی ٹیم کا مستقل حصہ بنانے پر پی سی بی کشمکش کا شکار

قومی کرکٹ ٹیم کے 16 سالہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو سینئر ٹیم کا حصہ بنانے پر پی سی بی کشمکش کا شکار ہے۔ ٹیم مینجمنٹ ابھی تک فیصلہ نہیں کر سکی کہ نسیم شاہ کو سینئر ٹیم کے ساتھ رکھا جائے یا انڈر 19 ورلڈ کپ میں کھلایا جائے۔

واضح رہے کہ اس وقت پی سی بی نے بنگلہ دیش کو 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچ کھیلنے کی دعوت دے رکھی ہے جبکہ انڈر 19 ورلڈکپ بھی 17 جنوری سے 10 فروری تک جنوبی افریقہ میں شیڈول ہے۔

ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش نے حامی بھری تو ٹیسٹ میچز فروری کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔ تاہم ابھی تک قومی ٹیم کی بنگلہ دیش کیخلاف سیریز فائنل نہیں ہوئی۔

ہیڈکوچ انڈر 19 ٹیم اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو نسیم شاہ کو ریلیز کر دینا چاہیے تاکہ وہ انڈر 19 ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نسیم شاہ کو ریلیز نہیں کیا جاتا تو پلان بی تیار ہے۔

اعجاز احمد نے کہا کہ مصباح الحق جانتے ہیں کہ انڈر 19 ٹیم کے لیے ورلڈکپ کتنا ضروری ہے۔ صرف دو ٹی ٹوئنٹی کے لیے روکنا ہے تو بہتر ہے ورنہ نسیم کو ریلیز کر دیں کیونکہ نسیم شاہ کے ٹیم میں آنے سے نوجوان کرکٹرز کو فائدہ ہو گا۔

اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے پاس وہاب، عامر، شاہین، شنواری اور موسی خان کی صورت میں ٹی ٹوئنٹی کے لیے بہت ساری آپشنز ہیں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں سری لنکا کے ساتھ کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ نسیم شاہ نے اپنی زبردست باؤلنگ سے ناصرف ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا بلکہ کرکٹ ماہرین کو بھی ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔