Get Alerts

سنجے دت کی پاکستان سے جذباتی وابستگی کی وجہ کیا ہے؟

بالی ووڈ کی آنے والی فلم ’’کلنک‘‘ میں سنجے دت اور مادھوری ڈکشت 22 برس بعد ایک ساتھ بڑے پردے پر جلوہ گر ہوں گے اور بالی ووڈ کے کھل نایک یہ سوچ کر ہی نروس ہو رہے ہیں۔

لیکن فلمی پنڈت اس کے باوجود یہ سوال کر رہے ہیں کہ سنجے دت نے آخر اس فلم میں کام کرنے کی ہامی کیوں بھری ہے؟

سنجے دت کہتے ہیں، فلم ’’کلنک‘‘ کی کہانی کرن جوہر کی بجائے ان کے والد آنجہانی یش جوہر کے تخیل کی عکاس ہے اور یہ ان کے اس فلم میں کام کرنے کی ایک بڑی وجہ بھی ہے۔



انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ فلم ’’کلنک‘‘ کی کہانی کا خیال فلم ساز یش جوہر نے 1993ء میں فلم ’’گمراہ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ان سے ظاہر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سونم کپور کی بالی ووڈ میں اقربا پروری کی حمایت میں عجب منطق

اداکار نے کہا، ’’گمراہ کی شوٹنگ کے دوران یش انکل نے مجھ سے کلنک کی کہانی کا ذکر کیا تھا، اسی لیے کرن جوہر نے جب مجھ سے اس فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی تو میں نے فوری ہامی بھر دی۔‘‘

https://youtu.be/UmhXhTmP0a0

سنجے دت نے مزید کہا، یہ بھی ایک اتفاق ہی ہے کہ فلم میں میرے کردار کا نام بلراج ہے۔ میرے والد سنیل دت کا اصل نام بھی بلراج ہی تھا اور وہ تقسیم کے وقت پاکستان سے بھارت آئے تھے تو میں جذباتی طور پر بھی اس فلم سے جڑ چکا ہوں کیوں کہ اس فلم میں تقسیم کے پس منظر میں محبت کی کہانی کو فلمایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا رنویر سنگھ اور دپیکا الیکشن میں بی جے پی کو سپورٹ کر رہے ہیں؟

یاد رہے کہ سنیل دت ضلع جہلم کے نواحی گائوں خورد جہلم میں پیدا ہوئے تھے اور تقسیم کے وقت ان کی عمر 18 برس تھی۔



فلم ’’کلنک‘‘ میں ورون دھون اور عالیہ بھٹ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ اس فلم میں سوناکشی سنہا اور مادھوری ڈکشت بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

فلم آج سینمائوں میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔