Get Alerts

کرونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کرونا کے باعث ہلاک ہونے والوں سے بھی زیادہ

کرونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کرونا کے باعث ہلاک ہونے والوں سے بھی زیادہ
افریقی ملک نائجیریا کی سیکیورٹی فورسز نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات پر عمل درآمد کرانے کے دوران 18 افراد کو ہلاک کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نائجیریا کے انسانی حقوق کے ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کرونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں سے بھی زیادہ ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نائجیریا میں کرونا وائرس سے اب تک 407 افراد متاثر اور 12 ہلاک ہوئے ہیں۔ لاک ڈاؤن اور پابندیوں پر عملدرآمد کے لیے پولیس اور آرمی سمیت سیکیورٹی فورسز تعینات کی گئی ہیں جس کے باعث ملک کی چند ریاستوں میں خونریز تصادم اور جھڑپیں بھی سامنے آئی ہیں۔

ملک میں انسانی حقوق کے قومی کمیشن کا کہنا ہے کہ اسے نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا اور 36 ریاستوں میں سے 24 میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں کی 105 شکایات موصول ہوئی ہیں۔

کمیشن نے کہا کہ ان شکایات میں سے ماورائے عدالت قتل کے 8 دستاویزی واقعات سامنے آئے ہیں جن میں 18 افراد ہلاک ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ کرونا وائرس سے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 12 اموات ہوئیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کے دوران ماورائے عدالت 18 افراد کو ہلاک کیا۔

کمیشن نے سیکیورٹی اہلکاروں پر طاقت کا بے جا اور نامناسب استعمال، اختیارات کے ناجائز استعمال، کرپشن اور ملکی و غیر ملکی قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے۔