Get Alerts

”ہمارے پاکستان“ میں جنگل کا قانون رائج ہے: عمران خان

”ہمارے پاکستان“ میں جنگل کا قانون رائج ہے: عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کی گرفتاری کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ”ہمارے پاکستان“ میں آج جنگل کا قانون ہی پوری طرح رائج ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اپنے سوشل میڈیا کارکنان، جن میں سے وقاص امجد تازہ ترین ہے۔ کےاغواءکےجاری سلسلےکی شدید مذمت کرتا ہوں۔ ”ہمارے پاکستان“ میں آج جنگل کا قانون ہی پوری طرح رائج ہے۔”حکّامِ بالا“ جو بظاہر تمام قوانین سےبالاتر دکھائی دیتےہیں، کی جانب سےاحکامات موصول ہوتےہیں چنانچہ پہلےہمارے لوگوں کو اٹھایا جاتا ہے اور پھرجعلی مقدموں کی بھرمار کردی جاتی ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ حتّٰی کہ زمان پارک میں لوگوں کیلئے خوراک کا اہتمام کرنے والوں تک کو اٹھانے اور ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1647674816151838723?s=20

انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ قومی میڈیا پر تو ہماری آواز بند کی جاچکی ہے چنانچہ اب سوشل میڈیا کو ہدف بنایا جارہا ہے۔ اطلاع تو یہ بھی ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار کو کم کرنے کیلئے کیبل نیٹ ورکس کے ساتھ موٹرویز سے بھی چھیڑ چھاڑ کی جارہی ہے۔ طاقتور طبقہ بلاخوفِ احتساب پوری ڈھٹائی سے متحرک ہے۔

15 اپریل کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو کراچی سے گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو ڈیفنس پی ٹی آئی سیکریٹریٹ سے حراست میں لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو پولیس اور سادہ لباس اہلکار اپنے ہمراہ لے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کےخلاف فراڈ کا مقدمہ درج کیا گیا۔ علی زیدی ریئل اسٹیٹ کا کام کرتے تھے۔ ان پر 2013 میں پراپرٹی کے جعلی کاغذات ضمانت کے طور پر دینے کا الزام ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عمران اسماعیل اورعالمگیرخان کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

آج گرفتار پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کو فراڈ کیس میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت وکیل علی زیدی نے کہاکہ یہ کیس کریمنل نہیں۔ سول عدالت کا بنتا ہے۔ٹرانزیکشن کیسے ہوئی؟ ایف آئی آر اس حوالے سے بلینک ہے۔ کوئی چیک وغیرہ کچھ بھی مدعی کی طرف سے پیش نہیں کیاہے۔

عدالت نے دلائل سننے کےبعد پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کا فراڈ کیس میں 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔