پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ شہباز گِل نے بہت بڑی غلطی کی ہے، ان کا بیان قابلِ قبول نہیں ہے۔
سینیٹ میں اظہار بیان کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ شہباز گِل کے خلاف ضرور قانونی کارروائی کی جائے، لیکن قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہیے۔
https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1559847054343536646
دوسری جانب پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے بھی شہباز گِل کے بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہباز گِل نے غلط بات کی لیکن آصف زرداری اور نواز شریف نے بھی بیانات دیے، ان کو کیوں جیلوں میں نہیں ڈالا جا رہا؟
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تشدد کے باعث شہباز گل کی ذہنی اور جسمانی صحت کی حالت نازک ہے، شہباز گل پر یہ تشدد اس وقت کیا گیا جب انہیں اغوا کرکے نامعلوم مقام پر رکھا گیا۔
شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہباز گل کو دوبارہ پولیس ریمانڈ پر دیا جانا انتہائی تشویشناک ہے، شہباز گل پر دوبارہ تشدد تھانے میں کیا گیا، یہ سازش کا حصہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ مجھے اور تحریک انصاف کو ٹارگٹ بنانے کے لیے سازش کا حصہ ہے، زبردستی غلط بیان لینے کے لیے یہ سب کیا جا رہا ہے، جیسے سوشل میڈیا کارکنوں کے ساتھ کیا گیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ مکمل طور پر نا قابل قبول ہے، ہم شہباز گل پر تشدد سے نمٹنے کے لیے تمام قانونی اور سیاسی کارروائی کریں گے۔
واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے آج پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کے جسمانی ریمانڈ مسترد ہونے کے حکم کے خلاف نظرثانی درخواست پر انہیں مزید 48 گھنٹے کیلئے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔