پاکستان کے سٹار فاسٹ بالر محمد عامر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انکی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کردی ہے۔
اس سے قبل میڈیا میں محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے خبریں منظر عام پر آئیں تھیں تاہم انہیں افواہیں قرار دیا گیا تھا۔
لیکن اب پی سی بی کی جانب سے اسے مصدقہ اطلاع قرار دیا گیا ہے۔ بورڈ کے سی ای او محمد وسیم نے محمد عامر سے رابطہ کیا تھا جس پر انہوں نے وسیم کو بتایا کہ وہ مزید انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتے۔
بورڈ کی جانب سے جاری شدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ محمدعامر کا ذاتی فیصلہ ہے۔ بورڈ اس پر مزید بات نہیں کرے گا۔
یاد رہے محمد عامر کو دنیا کے صف اول کے بالرز میں شامل مانا جاتا تھا۔ تاہم 2010 کے اوول فکسنگ سکینڈل میں نام آنے اور ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد محمد عامر محمد آصف اور سلمان بٹ کو سزا دی گئی تھی۔ محمد عامر نے تو کرکٹ کے میدان میں واپسی بھی کی تھی تاہم وہ خاص پرفارمنس نہیں دے سکے تھے۔