اسلام آباد: مارگلہ کی پہاڑیوں میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی

اسلام آباد: مارگلہ کی پہاڑیوں میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی
اسلام آباد: مارگلہ کی پہاڑیوں میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی، آگ شاہ اللہ دیتہ کے قریب جنگل میں لگی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں پر ایک بار پھر آگ لگ گئی ہے، آگ پر قابو پانے کے لیے سی ڈی اے اور محکمہ جنگلات کی امدادی ٹیمیں روانہ ہو گئی ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ بھی شہر اقتدار کی مارگلہ کی پہاڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد دنیا کے ان چند دارالحکومتوں میں سے ایک ہے جو کہ کسی نیشنل پارک کے ساتھ قائم ہیں۔ مگر ہر سال مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں کئی آتشزدگیاں ہوتی ہیں۔ بہار میں آتشزدگی پرندوں کے گھونسلے جلا دیتی ہے اور چھوٹے روڈینٹس، رینگنے والے اور ممالیہ جانوروں کو ہلاک کر دیتی ہے۔ پاکستان، بالخصوص مارگلہ کی پہاڑیوں میں لگنے والی جنگل کی آگ تقریباً ہمیشہ انسانی کارستانی ہوتی ہے۔

دعویٰ کیا جاتا ہے کہ مارگلہ میں لگنے والی آگ حکام کے ساتھ جھگڑے کی وجہ سے لگتی ہے جبکہ باقی کی آگ لاپرواہ سیاحوں کی وجہ سے لگتی ہے۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے ساتھ قائم دیہات میں 1000 سے زائد بے روزگار نوجوان رہتے ہیں۔ آگ لگنے کے موسم، یعنی عموماً مئی سے جولائی کے درمیان ان میں سے 300 سے 400 نوجوانوں کو فائر فائٹر کے طور پر بھرتی کیا جاتا ہے۔ شہر کے منتظمین کوشش کرتے ہیں کہ ان کی بھرتی میں جتنی ہو سکے، اتنی تاخیر ہو، کیوں کہ اس پر کافی اخراجات آتے ہیں۔

دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ان میں سے کچھ نوجوان جان بوجھ کر موسم کے اوائل میں ہی آگ لگاتے ہیں تاکہ روزگار جلد سے جلد شروع ہو۔