کراچی: مسلم لیگ نواز کے سینیئر رہنما مشاہد اللہ خان انتقال کر گئے۔ مشاہد اللہ خان کافی عرصے سے علیل تھے۔ ان کی وفات کی تصدیق سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ نواز کے رہنما محمد زبیر عمر نے کی۔
مشاہد اللہ خان کی عمر 68 برس تھی۔ وہ نواز شریف کے آخری دورِ حکومت میں ماحولیاتی تبدیلی کے وفاقی وزیر رہے اور 2009 سے پارٹی کی ٹکٹ پر مسلسل سینیٹر چلے آ رہے تھے۔
مشاہد اللہ خان کی پیدائش راولپنڈی کی تھی لیکن وہ اپنی زندگی کا بڑا حصہ کراچی میں رہے اور یہاں سے مسلم لیگ نواز کی ٹکٹ پر الیکشن بھی لڑتے رہے۔ یہ 1990 سے مسلم لیگ کا حصہ تھے۔
جنوری 2015 میں اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے انہیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا سربراہ بنایا لیکن انہوں نے یہ عہدہ لینے سے انکار کیا اور بعد ازاں انہیں وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی بنایا گیا۔
2021 کے سینیٹ انتخابات کے لئے مسلم لیگ ن کی جانب سے ان کو ایک بار پھر ٹکٹ دیا گیا تھا لیکن پارٹی کے اندر اس حوالے سے مخالفت جاری تھی کہ ان کو شدید علالت کے باعث ٹکٹ نہیں دیا جانا چاہیے کیونکہ وہ پارٹی کی درست انداز میں نمائندگی نہیں کر پائیں گے۔
تاہم، وہ 17 فروری کی رات سینیٹ انتخابات سے دو ہفتے قبل ہی خالقِ حقیقی سے جا ملے۔