شمالی وزیرستان؛ محسن داوڑ نے دوبارہ انتخاب کے لیے درخواست جمع کروا دی

حلقہ این اے 40 کے نتائج کے مطابق یہاں سے جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار مصباح الدین 42 ہزار 994 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے اور آزاد امیدوار اورنگزیب خان نے 33 ہزار 852 ووٹ لیے تھے۔ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے امیدوار محسن داوڑ 32 ہزار 768 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے۔

شمالی وزیرستان؛ محسن داوڑ نے دوبارہ انتخاب کے لیے درخواست جمع کروا دی

نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق رکن محسن داوڑ نے شمالی وزیرستان کے حلقہ این اے 40 میں 8 فروری کا انتخاب کالعدم قرار دے کر دوبارہ الیکشن کروانے کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کروائی گئی درخواست میں محسن داوڑ نے مؤقف اپنایا کہ این اے 40 سے کسی بھی امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے۔

محسن داوڑ نے کہا کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران ان کے حلقے کے کچھ پولنگ سٹیشنز سے عسکریت پسندوں نے پولنگ مواد چھینا۔ شرپسندوں نے 2 پولنگ سٹیشنوں کو پولنگ کے دن بم سے اڑا دیا۔ 14 پولنگ سٹیشنز پر الیکشن عملے سے پولنگ مواد چھینا گیا اور ان افراد نے فارم 45 پر صفر ووٹ لکھ دیا جبکہ کچھ مقامات پر شرپسندوں نے پولنگ مواد کو آگ بھی لگا دی تھی۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 40 کے نتائج کے مطابق یہاں سے جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار مصباح الدین 42 ہزار 994 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے تھے اور آزاد امیدوار اورنگزیب خان نے 33 ہزار 852 ووٹ لیے تھے۔ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے امیدوار محسن داوڑ 32 ہزار 768 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے۔

یاد رہے جن حلقوں میں پولنگ ڈے پر ہنگامہ آرائی اور پولنگ مواد چھیننے کے واقعات رپورٹ ہوئے ان میں سے بعض حلقوں پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ پولنگ کروائی ہے۔ ٹانک کم ڈیرہ اسماعیل خان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 43 کے 6 پولنگ سٹیشنز پر 19 فروری کو دوبارہ پولنگ ہو گی جہاں سے مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود الیکشن لڑ رہے ہیں۔