پنجاب حکومت ڈلیور نہیں کر رہی نہ انتظامیہ توقعات پر پورا اتر رہی ہے، فواد چوہدری پھٹ پڑے

پنجاب حکومت ڈلیور نہیں کر رہی نہ انتظامیہ توقعات پر پورا اتر رہی ہے، فواد چوہدری پھٹ پڑے
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب ڈلیور نہیں کر پا رہا، پی ٹی آئی کو مجموعی طور پر دباؤ کا سامنا ہے۔ پنجاب کے 350 ارب کے ترقیاتی بجٹ میں سے صرف 77 ارب ریلیز ہوئے ہیں، صوبائی حکومت پروانشل فنانس ایوارڈ بھی اضلاع کو نہیں دے رہی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور پنجاب حکومت کی کارکردگی پر کڑی تنقید کی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق فواد چوہدری نے اجلاس میں اعتراض اٹھایا کہ پنجاب ڈلیور نہیں کر پا رہا جس کے باعث تحریک انصاف کو مجموعی طور پر دباؤ کا سامنا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب میں نہ سیاسی حصہ ڈلیور کر رہا ہے اور نہ ہی انتظامیہ توقعات پر پورا اتر رہی ہے، پنجاب کے ڈلیور نہ کرنے سے عوامی سیاسی محاذ پر پی ٹی آئی کی کارکردگی پر تنقید ہو رہی ہے اور مرکز کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

فواد چوہدری نے کور کمیٹی اجلاس میں انکشاف کیا کہ پنجاب کا 350 ارب کا ترقیاتی بجٹ ہے جس میں سے صرف 77 ارب روپے ریلیز ہوئے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار حکومت اضلاع کو صوبائی فنانس ایوارڈ بھی نہیں دے رہی، صوبائی سطح پر کچھ ہو رہا ہے نہ اضلاع کو فنڈز منتقل ہو رہے ہیں۔

  فواد چوہدری نے کہا کہ مسئلہ پنجاب حکومت کا نہیں وسائل کی تقسیم کا ہے، وزرائے اعلیٰ کے پاس صوابدیدی فنڈ ہونا آرٹیکل 140-A کی خلاف ورزی ہے، فارمولے کے تحت جیسے وفاق صوبوں میں فنڈز تقسیم کرتا ہے اسی طرح صوبائی سطح پر اضلاع میں فنڈز تقسیم ہونے چاہئیں، وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں یہ عوامی مفاد کیخلاف ہے۔

فواد چوہدری نے آئین کے آرٹیکل 140 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر صوبہ آرٹیکل 140 اے کے تحت لوکل گورنمنٹ سسٹم، سیاسی ،انتظامی اور مالی ذمہ داریاں مقامی حکومتوں کو منتقل کرنے کا پابند ہے، لیکن صوبے مسلسل آئین کے آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور اضلاع کی سطح پر فنڈز کی منتقلی نہیں کی جا رہی۔

فوادچوہدری نے کہا کہ پنجاب میں شہباز شریف نے اپنے دور حکومت میں صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ نہیں دیا اور آرٹیکل 140 کی بھر پور خلاف ورزی کی لیکن بدقسمتی ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بھی صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کا ابھی تک اعلان نہیں کیا، آرٹیکل 140 پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث اضلاع کو ان کا صحیح حصہ نہیں مل رہا، جس سے ضلعی سطح پر مسائل بڑھ رہے ہیں۔

فوادچوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان صاحب آپ ہمیشہ سے مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم پر زور دیتے رہے ہیں مگر یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کا اجرا نہیں ہوگا، آپ سے گزارش ہے کہ آرٹیکل 140 کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں اور صوبوں بالخصوص پنجاب کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجرا کا حکم دیں۔

فواد چوہدری کی نشاندہی کے بعد وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجرا کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر صوبائی ایوارڈ کر کے اضلاع کو فنڈز منتقل کیے جائیں۔