مسلم لیگ ن نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے نام شارٹ لسٹ کر لئے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف شارٹ لسٹ کیے گئے ناموں پر آج پیپلز پارٹی چیئرمین آصف علی زرداری سے مشاورت کریں گے۔
گورنر پنجاب میاں بلیغ الرحمان کو مطابق پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کی جانب سے بجھوائی گئی سمری موصول ہوگئی جس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے دو امیدواروں کو نامزد کیا گیا ہے۔
سمری کے مطابق مسلم لیگ ن نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلیے سیدمحسن نقوی اور احد چیمہ کا نام دے دیا۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی اور اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے نمائندے ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے مشاورت مکمل ہو گئی ہے۔ آصف زرداری سے مشاورت کے بعد آج شام تک 3 نام گورنر پنجاب کو ارسال کر دیئے جائیں گے۔
وزیراعظم کی جانب سے بھی سابق صدر آصف علی زرداری، چوہدری شجاعت اور جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان (ف) گروپ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔
اس موقع پر تینوں رہنماوں نے ن لیگ کو وزیراعلیٰ کے نام دینے کا مینڈیٹ دے دیا جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے تینوں قومی رہنماوں کا شکریہ ادا کیا۔