ن لیگ کے امیدوار رانا منان کو مبینہ خودکش حملے کی دھمکیاں دینے والا پی ٹی آئی کارکن پکڑا گیا

ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ملزم سابق یو سی ناظم توقیر افضل کسی نامعلوم شخص کو الیکشن کے ماحول کو کشیدہ کرنے اور ن لیگ کے امیدوار رانا منان خان کی جان لینے یا ان کو شدید نقصان پہنچانے کے لیے اکسا رہا تھا۔

ن لیگ کے امیدوار رانا منان کو مبینہ خودکش حملے کی دھمکیاں دینے والا پی ٹی آئی کارکن پکڑا گیا

پی پی 56 سے ن لیگ کے امیدوار رانا منان کو مبینہ خودکش حملے کی دھمکیاں دینے والا ملزم سابق یو سی ناظم توقیر افضل پکڑا گیا۔ ملزم کا تعلق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)  سے نکلا۔

نارووال کے حلقے پی پی 56 سے ن لیگ کے امیدوار رانا منان کو مبینہ خودکش حملے کی دھمکیاں دینے والے ملزم توقیر افضل کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس تھانہ صدر شکر گڑھ نے سرکاری مدعیت میں ایف آئی درج کر لی۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ملزم سابق یو سی ناظم توقیر افضل نے ن لیگ کے امیدوار رانا منان کو مبینہ خودکش حملہ کروانے اور ان کی گاڑی  پر فائرنگ کروانے کی ہدایات دیں۔ ملزم کسی نامعلوم شخص کو الیکشن کے ماحول کو کشیدہ کرنے اور رانا منان خان کی جان لینے یا ان کو شدید نقصان پہنچانے کے لیے اکسا رہا تھا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو موصول ہوئے میسج میں ملزم توقیر افضل کہہ رہا ہے کہ علیم طارق جو پی پی 56 سے پی ٹی آئی کا امیدوار ہے، کو چاہیے کہ رانا منان کی گاڑی پر فائرنگ کرکے اس کے ٹائر برسٹ کرے۔ اپنی ہوا بنائے۔ کچھ نہیں ہوتا خیر ہے۔ اس کی تھوڑی سی دوڑ لگوائے۔ نور کوٹ سے یا جس جس کو بھی پی ٹی آئی کا ٹکٹ ملا ہے وہ رانا منان پر بذریعہ خودکش بمبار حملہ کروائے تاکہ بعد ازاں ضمنی الیکشن ہو جائے۔
مزید کہا گیا ہے کہ ملزم توقیر افضل نے اس دھمکی آمیز پیغام کے ذریعےمنصوبہ بندی سے نامعلوم شخص کو رانا منان خان کو بذریعہ فائرنگ و خودکش حملے کے ذریعے قتل کروانے اور الیکشن کے دنوں میں ملک میں بدامنی اور دہشت گردی کا ماحول پیدا کرنے کی سازش کرکے اور مختلف پاٹیز کے ورکرز کے درمیان نفرت پیدا کرنے پر اکسا کر  Prevention of Electronic Crime Act  (12, 153 A, 506 B)  2016کےتحت جرم کا ارتکاب کیا ہے۔