امریکی صدر کا اپنے ٹویٹر پیغام میں کہنا تھا کہ بالاآخر 10 سال کی محنت کے بعد ممبئی دہشگردی کے نام نہاد ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اس کے لیے گزشتہ دو سال میں کافی کوشش کی گئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کو گرفتار کر لیا۔
https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1151495794295525378
کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق حافظ سعید کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور وہ ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے لاہور سے گوجرانوالہ جا رہے تھے کہ انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ حافظ سعید کو جیل بھیجنے کے لیے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت کی منظوری کے بعد انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق حافظ سعید کے خلاف چالان جلد مکمل کر کے انہیں عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔
واضح رہےکہ حکومت نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے احکامات کی روشنی میں اقدامات کیے ہیں جس کے تحت جماعت الدعوۃ کی تمام ذیلی شاخوں کو بھی کالعدم قرار دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے متعدد مدرسوں کو بھی سرکاری تحویل میں لیا ہے۔