جنگی علاقے میں داخل ہونے والے صحافی ہمیں پیشگی اطلاع دیں: افغان طالبان

جنگی علاقے میں داخل ہونے والے صحافی ہمیں پیشگی اطلاع دیں: افغان طالبان
افغانستان میں بھارتی صحافی دانش صدیقی کی ہلاکت سے متعلق بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نےکہا کہ ہمیں علم نہیں کہ صحافی دانش صدیقی کی ہلاکت کس کی فائرنگ سے ہوئی، ہمیں غیر ملکی خبر ایجنسی کے صحافی کی موت پر افسوس ہے۔
ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ افسوس ہے صحافی بغیر اطلاع جنگ کے علاقے میں داخل ہورہے ہیں، جنگی علاقے میں داخل ہونے والا ہر صحافی ہمیں آگاہ کرے اور آگاہی کے بعد ہم اس کی مناسب دیکھ بھال کریں گے۔
رائٹرز کے فوٹو جرنلسٹ دانش صدیقی کی ہلاکت
خبر ایجنسی رائٹرز کے صحافی دانش صدیقی صحافتی ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ خبر ایجنسی کے مطابق صحافی دانش صدیقی افغان صوبے قندھار کے ضلع اسپن بولدک میں افغان فورسز اور طالبان کےدرمیان لڑائی میں جاں بحق ہوئے۔
صحافی دانش صدیقی کا تعلق بھارت سے تھا اور وہ پلٹزر ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے بھارتی فوٹو گرافر تھے۔
صدر رائٹرز مائیکل فرائیڈنبرگ اور ایڈیٹرانچیف الیسندرگلونی نے اس حوالے سے اسپن بولدک میں حکام سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ صدراور ایڈیٹر انچیف رائٹرز کا کہنا ہے کہ دانش صدیقی بہترین صحافی، خاوند، والد اور اچھے ساتھی تھے۔