عدالتوں، ججوں کی حفاظت کے لیے جوڈیشل پروٹیکشن یونٹ قائم

عدالتوں، ججوں کی حفاظت کے لیے جوڈیشل پروٹیکشن یونٹ قائم
حکومت نے عدالتوں اور ججوں کے حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا پہلا جوڈیشل پروٹیکشن یونٹ (جے پی یو) قائم کر دیا۔

اسلام آباد پولیس ترجمان کے مطابق، یہ اقدام وزیر اعظم شہباز شریف کی درخواست اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی بھرپور دلچسپی پر اٹھایا گیا اور اس  نے اسلام آباد سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے اندر ایک جامع تنظیم نو میں سہولت فراہم کی۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ اسلام آباد کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے ججوں کے دفاتر، عدالتی میدانوں اور رہائش گاہوں کو مضبوط بنانے کو ترجیح دیتے ہوئے سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کی مکمل تنظیم نو کی سربراہی کی ہے۔ ایس ایس پی سیکورٹی ڈویژن کی کڑی نگرانی میں نیا قائم کیا گیا جوڈیشل پروٹیکشن ڈویژن پوری تندہی سے کام کرے گا۔

تمام کمرہ عدالتوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (SOPs) جاری کیے گئے، اور کمرہ عدالت کی سہولیات میں 500 سے زیادہ جدید ترین نگرانی والے کیمرے نصب کیے گئے۔ یہ کیمرے بغیر کسی رکاوٹ کے سیف سٹی اسلام آباد پروجیکٹ کے جدید نگرانی کے نظام میں ضم کیے گئے ہیں، جو عدالت کے احاطے کی براہ راست نگرانی میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔

محکمے کی جانب سے نپہلے ہی وزارت داخلہ کو اپنی رہائش گاہوں اور عدالتوں کی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے 550 عملہ بھرتی کرنے کی درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔ توقع ہے کہ ضروری مالی وسائل مختص ہونے کے بعد ڈویژن کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

ماضی میں بھی اسلام آباد میٹروپولیٹن پولیس نے سیکیورٹی بڑھانے کے لیے مختلف یونٹس قائم کیے ہیں جن میں ڈپلومیٹک پروٹیکشن یونٹ (DPU) اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ (SPU) شامل ہیں۔ ڈی پی یو   اسلام آباد کے غیر ملکی سفارت کاروں اور وفود کی حفاظت پر توجہ دیتا ہے جبکہ ایس پی یو اسلام آباد میں رہنے اور کام کرنے والے چینی اور دیگر غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بناتا ہے۔

اس کے علاوہ، وی وی آئی پی پروٹیکشن فورس کو پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کو جامع حفاظتی اقدامات فراہم کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔ آخر میں، ہائی سیکیورٹی زون پروٹیکشن یونٹ (HSZPU) ارکان پارلیمنٹ، وفاقی وزراء، معززین، وزارتوں اور عوامی دفاتر کی حفاظت کا ذمہ دار ہے۔

آئی جی پولیس نے زور دیا کہ سیکیورٹی سیکٹر کی تنظیم نو کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی سفارت خانوں اور سفارت کاروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ریاستی اہلکاروں اور اہم سرکاری دفاتر کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔