بلاول بھٹو پر تنقید، پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کا شیخ رشید پر جوابی وار

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے ہفتہ کے روز پیپلر پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو کے بارے میں کہا تھا، بچہ بچ کر کھیلے تو اچھا ہے ورنہ ان کے ہاتھوں سیاسی موت مارا جائے گا جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے شیخ رشید کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے لیے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔

پیپلر پارٹی کی سینئر رہنماء نفیسہ شاہ کہتی ہیں، ہم شیخ رشید کی دھمکی کو نظرانداز نہیں کر سکتے۔

https://youtu.be/56T1zJS-NMQ

انہوں نے کہا، شیخ رشید کالعدم تنظیموں کے سہولت کار ہیں۔ ہم غور کر رہے ہیں کہ شیخ رشید نے کس کی ترجمانی کی ہے۔

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا، پشاور روڈ کے بھکاری کی یہ اوقات نہیں کہ وہ دھمکی دے، جیالے آہنی دیوار بن کر اپنے قائد کی حفاظت کریں گے، ہمارے صبر کو ہماری کمزور نہ تصور کیا جائے۔



دوسری جانب پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور نے کہا ہے کہ شیخ رشید گندگی پھیلاتے رہے، ہم نے نظرانداز کیا لیکن قتل کی دھمکی کو نظرانداز کرنا ممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ میں بھی کالعدم تنظیموں کے لوگ موجود، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا، شیخ رشید نے یہ بیان اس وقت دیا ہے جب بلاول بھٹو نے کالعدم جماعتوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا، شیخ رشید کے کالعدم تنظیموں اور دہشت گردوں سے رابطے کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔

چودھری منظور نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ شیخ رشید کو کابینہ سے نکال کر ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو ہم یہ سمجھیں گے کہ یہ دھمکی حکومت کی طرف سے ہے۔



یاد رہے، شیخ رشید بلاول بھٹو کے بارے میں بازاری زبان بھی استعمال کرتے رہے ہیں جس پر پیپلز پارٹی خاموش رہی لیکن اب محسوس ہوتا ہے کہ شیخ رشید کو دن میں تارے نظر آنے والے ہیں۔