Get Alerts

کپتان اور چیف سلیکٹر میں اختلافات کی اطلاعات

کپتان اور چیف سلیکٹر میں اختلافات کی اطلاعات
دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے قومی ٹیم کی سلیکشن میں رائے کو نظر انداز کرنے پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور چیف سلیکٹر محمد وسیم میں اختلافات کا انکشاف ہوا ہے۔

چیف سلیکٹر نے گزشتہ ہفتے دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے اسکواڈز کا اعلان کیا تھا اور خصوصاً ٹی20 اسکواڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی تھیں۔

جن کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ان میں عماد وسیم، عامر یامین، ظفر گوہر، خوشدل شاہ، افتخار احمد، حسین طلعت اور زاہد محمود شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق رواں سال شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کی وجہ سے بابر اعظم اسکواڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے حق میں نہیں اور انہوں نے دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے منتخب کردہ اسکواڈز پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ کھلاڑیوں نے اسکواڈ سے باہر ہونے پر قومی ٹیم کے کپتان سے رابطہ کر کے منتخب نہ ہونے پر اپنی مایوسی کا اظہار بھی کیا۔

ذرائع کے مطابق ٹیم کے انتخاب کے معاملے میں بابر اعظم سے مشاورت ضرور کی گئی لیکن کپتان کی تجاویز نظر انداز کردی گئیں جس پر وہ ناخوش ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بابراعظم کا ماننا ہے کہ ٹیم میں بار بار تبدیلیوں سے کھلاڑیوں کا اعتماد نہیں رہے گا اور ورلڈ کپ کے لیے ٹیم تیار نہیں ہو سکے گی۔