پی ٹی آئی کے10 سے12 ارکان اپوزیشن کی سیف کسٹڈی میں ہیں، چودھری پرویزالٰہی

پی ٹی آئی کے10 سے12 ارکان اپوزیشن کی سیف کسٹڈی میں ہیں، چودھری پرویزالٰہی
پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز لٰہی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے10 سے12 ارکان اپوزیشن کی سیف کسٹڈی میں ہیں، مسلم لیگ ق، ایم کیوایم اور باپ پارٹی کے17 لوگ ہیں، پی ٹی آئی اتحادیوں اور اپنے لوگوں کی وجہ سے زیادہ پریشان ہے، بی اےپی اور ایم کیوایم کا جھکاؤ بھی فی الحال اپوزیشن کی طرف ہے۔

انہوں نے نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام میں مجیب الرحمان شامی کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کے لوگ اکٹھے کرنے سے تصادم کا خطرہ ہے، کل والی بات پر قائم ہوں، پہلے بھی تصادم ہی حکومتوں کے جانے کی وجہ بنی ہے، تصادم کے ذریعے ہی بھٹو کی حکومت ختم ہوئی، شیخ رشید کو چاہیے وزیراعظم کو مشورہ دیں کہ تصادم ختم کریں اس سے نقصان ہوگا۔

شیخ صاحب کو ناراضگی ہے کہ وہ مشرف دور میں اسپیکر بننا چاہتے تھے، شیخ صاحب کو ہر چیز کی جلدی بہت ہوتی ہے۔جب نوازشریف کو بڑا ہیوی مینڈیٹ ملا تو شیخ رشیدکو وزارت نہیں دی اور شیخ صاحب ہمارے گھر آئے اور نوازشریف کو بڑی گالیاں دیں، شجاعت صاحب نے کہا کہ ہم آپ کو منسٹری لے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مشیروں کے مشوروں کی بات کا اس لیے جواب نہیں دینا کہ بات کہیں سے کہیں نکل جاتی ہے، دیکھو مشیر جو مرضی کہے ہر طرح کی ذمہ داری عمران خان پر ہی آئے گی۔

خاص طور پر ان کا کہنا ہم نے جلسہ کرنا ہی کرنا ہے جتنا مرضی نقصان ہوجائے لیکن پھر ان کو پتا ہونا چاہیے نقصان تو بہت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کیلئے کسی رکن اسمبلی کو ووٹ ڈالنے سے روکا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ہمارے تعلقات کی بات یہاں تک پہنچنے میں چھ ماہ کا عرصہ لگا ہے، یہ عرصہ کافی ہوتا ہے، جب وہ ہمارے گھر آئے اور ایم کیوایم کے مرکز گئے لیکن انہوں نے کوئی بات ہی نہیں کی۔ وزارت اعلیٰ بننے کا کام اللہ کے پاس ہے، ہم دینی لوگ ہیں، اللہ سے مانگتے ہیں، اللہ سے ہی مانگتے ہیں۔