پاکستان پیپلز پارٹی کا پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تبدیل کرنے کا مطالبہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے مسلم لیگ نواز کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے کی تجویز دے دی۔

صوبائی اسمبلی میں پی پی پی کے پارلیمانی رہنماء حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نواز کو چاہیے کہ حمزہ شہباز کے بجائے کسی اور کو قائد حزب اختلاف بنائے کیوں کہ وہ اپنے ذاتی معاملات میں الجھے ہوئے ہیں اور پارلیمانی سرگرمیوں کو مناسب وقت نہیں دے پا رہے۔

انہوں نے کہا، حمزہ شہباز کے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے نہ ہونے کے برابر ہیں جس کے باعث اپوزیشن حکومت کے خلاف ٹھوس حکمت عملی تیار کرنے اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے میں ناکام ہو رہی ہے۔



پی پی پی رہنماء نے کہا، قائد حزب اختلاف ایسا ہونا چاہئے جو پارلیمانی امور کو وقت دے سکے اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف موثر اپوزیشن کر سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا، اگر اپوزیشن پی ٹی آئی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف اپنا ردعمل درست طور پر ظاہر نہیں کرے گی تو عوام ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔

حسن مرتضیٰ نے کہا، پنجاب کے عوام کی آخری امید اپوزیشن جماعتیں ہی ہیں جنہیں کسی طور پر بھی مایوس نہیں کیا جانا چاہئے۔

واضح رہے کہ حمزہ شہباز کے والد شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں تاہم وہ طبی مسائل کے باعث ان دنوں لندن میں قیام پذیر ہیں جس کے باعث انہوں نے بطور پارلیمانی لیڈر اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کے سربراہ کی ذمہ داریوں سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔

حسن مرتضیٰ نے کہا، ہم اخلاقی اعتبار سے مسلم لیگ نواز کی پالیسیوں پر عمل کرنے کے پابند نہیں ہیں۔ اگر انہوں نے کمیٹی کے چیئرمین کے انتخابات کے بائیکاٹ کے معاملے پر پی پی پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیا تو ہم کمیٹی کی چیئرمین شپ کے لیے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے آزاد ہیں۔