اتحادی حکومت نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پنجاب میں ممکنہ سیاسی بحران سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم کے زیر صدارت اجلاس میں اتحادیوں نے ہر فیصلے میں حکومت کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی۔
تفصیل کے مطابق آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کا ایک اجلاس طلب کیا جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اتحادی رہنماؤں نے معیشت کی بہتری کیلئے حکومت کے سخت فیصلوں پرساتھ دینےکی یقین دہانی بھی کرائی۔ ذرائع کے مطابق اتحادیوں نے مشورہ دیا کہ روپے کی قدر میں استحکام کیلئے معاشی ٹیم فوری اقدامات کرے، معیشت کی بہتری کیلئے آئی ایم ایف پروگرام کو فوری حتمی شکل دی جائے۔
اتحادیوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ معیشت کےاستحکام کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ اتحادیوں نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت کےساتھ ہیں، ہر فیصلے میں ساتھ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری قانونی رائے لی جائے اور آئندہ الیکشن کیلئے انتخابی اصلاحات جلد مکمل کی جائیں۔ اجلاس میں گفتگو کی گئی کہ سپریم کورٹ کےفیصلےکے بعد پنجاب میں ممکنہ سیاسی بحران سے نمٹنے کو تیار ہیں۔
وزیراعظم کے زیر صدارت حکومتی اتحاد کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمٰن، آصف زرداری، خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق اورمریم اورنگزیب بھی شریک ہوئے۔