Get Alerts

میاں عباد فاروق نے پی ٹی آئی کی ٹکٹ واپس کرنے کا اعلان کر دیا

میاں عباد فاروق نے پی ٹی آئی کی ٹکٹ واپس کرنے کا اعلان کر دیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق نے یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کو  جناح ہاؤس کو آگ لگانے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے پارٹی ٹکٹ واپس کرنے کا اعلان کردیا۔

حلقہ پی پی 148 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق نے ویڈیوپیغام جاری کردیا۔ عباد فاروق نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہماری قیادت نے ہمیں بلا کر ہدایت دی کہ جناح ہاؤس میں آگ لگانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف قیادت نے ہمیں لبرٹی میں احتجاج کے لیے بلایا۔ وہاں ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر قیادت نے ہمیں بتایا کہ آپ نے سب کے ساتھ مل کر کور کمانڈر ہاؤس جانا ہے اور وہاں جا کر آگ لگانی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جو ہوا اچھا نہیں ہوا۔ ہمیں کسی بھی ادارے کے خلاف ایسی کوئی تحریک نہیں چلانی چاہیے کیونکہ یہ ہمارے اپنے ادارے ہیں۔ فوج یا کوئی بھی ادارہ ہو ہمیں سب کی عزت کرنی چاہیے۔

عباد فاروق نے کہا کہ اگر کسی ادارے کو گالی دے کر یا آگ لگا کر ٹکٹ ملتی ہو تو مجھے ایسی ٹکٹ نہیں چاہیے۔ میں ٹکٹ واپس کرتا ہوں۔ اگر ہو سکا تو آزاد امیدوار کے طور پر اسی حلقے سے الیکشن لڑوں گا۔

واضح رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کی حکمت عملی کو لیکر پی ٹی آئی رہنماؤں کی مسلسل آڈیوز لیک سامنے آ رہی ہیں۔ 10 مئی کو پی ٹی آئی رہنما میاں عباد فاروق کی مبینہ آڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ یاسمین راشد کا حکم ہے کہ کور کمانڈر آفس کو آگ لگا دو۔

گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران محمود مولوی نے پی ٹی آئی اور قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کیا۔

محمود مولوی نے کہا کہ میں فوج کے خلاف نہ کبھی گیا اور نہ کبھی جاؤں گا۔ پی ٹی آئی نے وہ کام کر دیا۔ جو کبھی بھارت بھی نہیں کرسکا۔