ڈالر کی قدر میں ایک روپے 70 پیسے کمی، 148 روپے 50 پیسے کا ہو گیا

روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے اور اب انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت کم ہو کر 148 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔

ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے لیکن اب اس کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور انٹربینک مارکیٹ میں آج بارہا اتار چڑھائو دیکھنے میں آیا مگر دن کے اختتام پر ڈالر کی قیمت ایک روپے 70 پیسے کم ہو چکی تھی اور یہ 148 روپے 50 پیسے کا ہو چکا تھا۔

اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں 50 پیسے کی کمی آئی ہے اور اب ڈالر سستا ہو کر 149 روپے 50 پیسے کا ہو گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 78 پیسے کمی ہوئی تھی جس کے بعد ڈالر کی قیمت 150 روپے 22 پیسے ہو گئی تھی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 150 روپے پر مستحکم رہی تھی۔



ڈالر کی قدر میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ریکارڈ اضافہ ہوا تھا اور یہ انٹربینک مارکیٹ میں 154 روپے کا ہو گیا تھا جو تاریخ کی بلند ترین سطح تھی۔

واضح رہے کہ ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث ملکی قرضوں پر بھی براہ راست بوجھ پڑ رہا ہے۔

لیکن دو روز قبل ڈالر میں کمی کا رجحان شروع ہوا تو اس بارے میں ماہرین نے یہ کہا تھا کہ ڈالر کی قدر میں تین سے چار روپے کمی ہو سکتی ہے کیوں کہ رمضان المبارک کے دوران ڈالر کی رسد میں اضافے کے ساتھ ساتھ خریداروں کی بھی ڈالر میں دلچسپی کم ہوئی ہے۔

ڈالر کی قدر میں کمی کی ایک اہم وجہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روپے کی قدر میں ہونے والا اضافہ بھی ہے۔