'حکمران گھڑیاں بیچنے والا ہو یا نہ ہو، توشہ خانہ کی سہولت ختم ہوجانی چاہیے'

'حکمران گھڑیاں بیچنے والا ہو یا نہ ہو، توشہ خانہ کی سہولت ختم ہوجانی چاہیے'
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ حکمران چاہے گھڑیاں بیچنے والا ہو یا نہ بیچنے والا توشہ خانہ کی سہولت ختم ہوجانی چاہیے۔کمیٹی نے توشہ خانہ بند کرنے کی سفارش بھی کردی۔

وفاقی وزیر خواجہ آصف کی پارلیمنٹ کے باہر میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحفے لینے پر اعتراض نہیں مگر ان کو بازار میں بیچنا غلط ہے۔ میرا خیال ہے کہ توشہ خانہ کی سہولت ختم ہوجانی چاہیے۔ اس حوالے سے کمیٹی نے سفارش بھی کر دی ہے۔ نواز شریف نے توشہ خانہ سے کوئی گاڑی نہیں لی۔ اگر لی ہے تو نشاندہی کر دیں۔ گھڑی کے معاملے پر عمران خان نے عدالت جانے کا اعلان کیا ہے جو بہترین راستہ ہے میرا بھی یہی مشورہ ہے سوشل میڈیا پر شور مچانے کی بجائے عدالت جائیں ۔ برطانیہ، یواے ای سمیت وہ چاند پر بھی جانا چاہیں تو ضرور جائیں۔

لیگی رہنما نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ توشہ خانہ کی گھڑی کی فروخت صرف ایل ٹریلر ہے، فلم ابھی باقی ہے۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف قیادت کے مابین مذاکرات کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا  کہ کوئی مزاکرات نہیں ہو رہے۔ تحریک انصاف نے جتنے ڈرامے کرنے ہیں کر لیں۔ عمران خان کا بیانیہ اسٹیبلشمنٹ  مخالف تو  نہیں تھا۔  انہوں نے تو خود آرمی چیف کو تاحیات توسیع کی پیشکش کی تھی۔ وہ ترلے اور منتیں کرتے رہے کہ آپ نیوٹرل نہ رہیں میرا ساتھ دیں۔

تحریک انصاف لانگ مارچ سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ اب لانگ مارچ کا وہ خطرہ نہیں جو 15 یا 20 روز پہلے تھا، اب تو ہر جگہ ہزار یا1200 لوگ ہوتے ہیں۔ لانگ مارچ اب اتنا اہم نہیں رہا کہ وہ حکومت کیلئے اتنا بڑامسئلہ بن جائے۔ عمران خان گھر سے تقریر کرتے ہیں، تحریکیں آن لائن تقریروں پر نہیں چلتیں۔