Get Alerts

کرکٹ کی دنیا ایک مرتبہ پھر کرپشن سکینڈل کی زد میں، تین کرکٹرز معطل

کرکٹ کی دنیا ایک مرتبہ پھر کرپشن سکینڈل کی زد میں، تین کرکٹرز معطل
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کوالیفائرز سے قبل کرکٹ کی دنیا میں ایک اور کرپشن سکینڈل کا چرچا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر تین کھلاڑیوں کو فوری طور پر معطل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر یو اے ای کے کپتان محمد نوید، سٹار بلے باز شیمان انور اور فاسٹ باؤلر قدیر خان کو معطل کر دیا ہے۔

ان کھلاڑیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائرز کو کرپشن سے داغدار کرنے کی کوشش کی، جہاں متحدہ عرب امارات کی ٹیم کوالیفائرز میں اپنی مہم کا آغاز جمعے سے کرے گی۔ ان تین کھلاڑیوں پر پابندی سے متحدہ عرب امارات کو بڑا دھچکا لگا ہے کیونکہ نوید اور شیمان ٹیم کے سب سے اہم کھلاڑی تھے اور 14 ٹیموں کے مابین ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائر میں اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر سکتے تھے۔



آئی سی سی کی جانب سے تینوں کرکٹرز پر مشترکہ طور پر تیرہ چارجز عائد کئے گئے ہیں جہاں ان تینوں کرکٹرز پر الزام ہے کہ انہوں نے کرپٹ سرگرمیوں اور بکیز کی جانب سے رابطہ کرنے پر آئی سی سی کو اطلاع نہیں کی تھی۔