موٹروے پر مشکل میں پھنسی گاڑی کی مدد میں مصروف افسر ٹرالر کی ٹکر سے جاں بحق

موٹروے پر مشکل میں پھنسی گاڑی کی مدد میں مصروف افسر ٹرالر کی ٹکر سے جاں بحق
عوام کی بروقت مدد اور رہنمائی کے نصب العین پر قائم موٹروے پولیس کا افسر شہید ہو گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شہید سب انسپکٹر عاشق علی ٹانوری بھریا بائی پاس ضلع نوشہرو فیروز شاہراہ پر کھڑی گاڑی کی مدد کے لیے سڑک پر اترے ہوئے تھے کہ پیچھے سے آنے والے ٹرالر نے انہیں ٹکر مار دی جس کی وجہ سے انہیں دماغ پر چوٹ آئی ۔ پہلے انہیں زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے بھریا ہسپتال لے جایا گیا اور بعد میں ضلع ہسپتال نوشہرو فیروز لایا گیا، جہاں سے ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد انہیں شہید بے نظیر آباد ہسپتال میں داخل کیا گیا۔

شہید سب انسپکٹر عاشق علی ٹانوری 3 روز تک آئی سی یو میں موت سے جنگ لڑتے رہے تاہم گذشتہ رات ان کا انتقال ہوگیا۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹرالر کے ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی سے موٹروے پولیس افسر کی جان گئی، ڈرائیور اور ٹرالر پولیس کی تحویل میں ہے اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

سب انسپکٹر عاشق علی کی شہادت پر آئی جی موٹروے پولیس کلیم امام، ایڈیشنل آئی جی آفتاب پٹھان اور ڈی آئی جی مطلوب احمد نے غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔