اشرف غنی اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کرائیں: تاجکستان میں قائم افغان سفارتخانے کی انٹرپول سے اپیل

اشرف غنی اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار کرائیں: تاجکستان میں قائم افغان سفارتخانے کی انٹرپول سے اپیل
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تاجکستان میں قائم افغان سفارتخانے نے انٹرپول سے اپیل کی ہے کہ وہ افغانستان کے صدر اشرف غنی کو گرفتار کرائیں، لوٹی ہوئی دولت واپس دلوائیں۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سفارتخانے کی جانب سے انٹرپول سے کہا گیا ہے کہ وہ سابق افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ ساتھ حمداللہ محب اور فضل محمود کی گرفتاری کو بھی یقینی بنائے۔

تاجکستان میں قائم افغان سفارتخانے نے انٹرپول سے اپیل کرنے سے قبل عمارت کی دیواروں پر آویزاں سابق افغان صدر اشرف غنی کی تصاویر اتار دیں جبکہ سفارتخانے کی دیوار پر امراللہ صالح کی تصویر لگادی گئی ہے جنہوں نے گزشتہ روز نامعلوم مقام سے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اشرف غنی کے فرار ہونے کے بعد آئینی اعتبار سے وہ اب افغانستان کے صدر ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ سابق افغان صدر اشرف غنی کی طرح امر اللہ صالح کے متعلق بھی تاحال مصدقہ اطلاع نہیں ہے کہ وہ کہاں ہیں؟ ا غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق امراللہ صالح پنجشیر ویلی میں موجود ہیں جسے اینٹی طالبان کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔

تاجکستان میں قائم افغانی سفارتخانے نے انٹرپول سے اپیل کی ہے کہ وہ ملکی دولت لوٹ کر فرار ہونے والے اشرف غنی سے ملکی دولت واپس دلوائے۔

سابق افغان صدر اشرف غنی کے بیرون ملک فرار ہونے پر عالمی ذرائع ابلاغ نے بتایا تھا کہ وہ اپنی 200 رکنی ٹیم کے ہمراہ فرار ہوئے ہیں۔روسی ذرائع نے اس ضمن میں دعویٰ کیا تھا کہ اشرف غنی ملک سے جاتے ہوئے چار گاڑیوں اور ایک ہیلی کاپٹر کو ڈالروں سے بھر کر اپنے ہمراہ لے گئے ہیں جب کہ جگہ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں بہت بڑی تعداد میں امریکی ڈالرز پھینکنا بھی پڑے تھے۔