نواز شریف کو برطانیہ سے اللہ ہی لاسکتا ہے، ہم تو اسحاق ڈار کو بھی نہ لا سکے: شیخ رشید

نواز شریف کو برطانیہ سے اللہ ہی لاسکتا ہے، ہم تو اسحاق ڈار کو بھی نہ لا سکے: شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو برطانیہ سے اللہ ہی لاسکتا ہے، ہم تو اسحٰق ڈار کو بھی نہ لا سکے  حکومت کا برطانیہ سے کوئی معاہدہ نہیں ہے لہذا اس سے کوئی امید نہیں لگانی چاہیئے بس اب انہیں ملک واپس اللہ ہی لاسکتے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں نادرا کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

شیخ رشید نے اپوزیشن اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک الائنز (پی ڈی ایم) کو کورونا کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 'عمران خان کہیں نہیں جارہے، جس نے شرط لگانی ہے لگالے، اِن لوگوں سے تو کبھی نہیں جاسکتا'۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 'اپوزیشن کو استعفیٰ دینا ہے تو دے، ان کی نشستوں پر ہی الیکشنز کرادیں گے تاکہ ان کی خواہش پوری ہوجائے'۔

شیخ رشید نے کہا کہ '12 فروری سے 12 مارچ کے درمیان الیکشن کمیشن الیکشن کا اعلان کرسکتا ہے اور پی ڈی ایم کو بھی سینیٹ انتخابات میں حصہ لیتا دیکھ رہا ہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘عمران خان سینیٹ میں اکثریت حاصل کرگئے تو ایسے قوانین لے کر آئیں گے کہ ان کی چیخیں نکل جائیں گی’۔