Get Alerts

تیسرا ون ڈے: پاکستان ویمن ٹیم نے نیوزی لینڈ کو سپر اوور میں شکست دے دی

پاکستانی ٹیم نے سپر اوور میں پہلےبیٹنگ کرتے ہوئے 11 رنز بنائے جبکہ 12 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم صرف 8 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، پاکستانی ویمن ٹیم نے پہلی مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میں میزبان ٹیم کو نیوزی لینڈ میں ہرایا ہے۔

تیسرا ون ڈے: پاکستان ویمن ٹیم نے نیوزی لینڈ کو سپر اوور میں شکست دے دی

  پاکستان ویمنز ٹیم نےنیوزی لینڈ ویمنز نےکو  تیسرے  اور آخری   ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے سنسنی خیز  مقابلے کے بعد  شکست دے دی۔ یہ میچ ٹائی ہوگیا تھا جس کے بعد سپر اوور میں اس نے 3 رنز سے کامیابی حاصل کی جس کا سہرا سپر اوور میں سعدیہ اقبال کی شاندار بولنگ کو جاتا ہے جنہوں نے دو وکٹیں حاصل کرکے پاکستان ویمنز کو جیت سے ہمکنار کردیا۔

یہ محض دوسرا موقع ہے کہ پاکستان ویمنز نے نیوزی لینڈ ویمنز کو ون ڈے انٹرنیشنل میں شکست دی ہے۔ اس سے قبل اس کی واحد کامیابی نومبر 2017 میں شارجہ میں تھی جہاں اس نے ثنا میر کی چار وکٹوں اور بسمہ معروف کے ناقابل شکست 36 رنز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

نیوزی لینڈ نے موجودہ سیریز دو ایک سے اپنے نام کی ہے۔

یاد رہے کہ میزبان ٹیم نے پہلا ون ڈے 131رنز سے اور دوسرا ون ڈے ایک وکٹ سے جیتا تھا۔

تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں8  وکٹوں کے نقصان پر251 رنز بنائے۔

جواب میں پاکستان ویمنز نے  50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 251  رنز بنائے۔

سپر اوور میں پاکستان ویمنز نے بغیر کسی نقصان کے 11 رنز سکور کیے۔

عالیہ ریاض نے ایک چوکے کی مدد سے 8 رنز بنائے فاطمہ ثنا نے 2 رنز سکور کیے۔

نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم سعدیہ اقبال کے سپر اوور میں آٹھ رنز بناسکی لیکن اس کوشش میں اس کی دونوں بیٹرز ایمیلیا کر اور سوفی ڈیوائن آؤٹ ہوگئیں۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ ویمنز کی اننگز کی خاص بات ایمیلیا کر اور میڈی گرین کی عمدہ بیٹنگ تھی۔

ایمیلیا کر نے پانچ چوکوں کی مدد سے 77  رنز بنائے۔ میڈی گرین نے تین چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ آؤٹ نہیں ہوئیں۔

ایمیلیا اور میڈی گرین نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 70 رنز کا اضافہ کیا۔

کپتان سوفی ڈیوائن نے چار چوکوں کی مدد سے29  رنز سکور کیے۔

پاکستان ویمنز کی طرف سے نشرہ سندھو اور غلام فاطمہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان ویمنز کو منیبہ علی کا 5 رنز کے انفرادی سکور پر جلد نقصان اٹھانا پڑا۔ سدرہ امین پانچ چوکوں کی مدد سے24 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ 

بسمہ معروف اور عالیہ ریاض نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 101 رنز کا اضافہ کیا۔عالیہ ریاض چار چوکوں کی مدد سے 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ پلیئر آف دی میچ بسمہ معروف نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی 20 ویں نصف سنچری سکور کی۔ وہ پان چوکوں کی مدد سے 68  رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔

کپتان فاطمہ ثنا تین چوکوں کی مدد سے 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں تو پاکستان ویمنز کو جیت کے لیے 55 رنز درکار تھے اور اس کی پانچ وکٹیں باقی تھیں۔اس موقع پر نتالیہ پرویز کے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز اور نجیہہ علوی کے ناقابل شکست 23 رنز پاکستان ویمنز کو جیت کے قریب لے آئے۔ 

پاکستان ویمنز کو آخری اوور میں جیت کے لیے 8 رنز درکار تھے جبکہ  آخری گیند پر  جیت کے لیے 2 رنز بنانے تھے تاہم اس گیند پر نیجیہ علوی ایک رن بنانے میں کامیاب ہوسکیں اور یوں یہ میچ ٹائی ہوگیا۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے اس دورے میں  تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلی جو اس نے دو ایک سے جیتی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ پاکستان ویمنز نے نیوزی لینڈ کی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز جیتی۔