اپ گریڈیشن اور نئی بھرتیوں کا وعدہ پورا نہ ہونے پر پاکستان پوسٹ آفس کے ملازمین سراپا احتجاج

اپ گریڈیشن اور نئی بھرتیوں کا وعدہ پورا نہ ہونے پر پاکستان پوسٹ آفس کے ملازمین سراپا احتجاج
محکمہ مواصلات اپنے ہی پیغامات حکومت تک پہنچانے میں ناکام، 5 برس بیت گئے حکومت بدل گئی مگر نظام نہ بدل سکا۔

پاکستان پوسٹ آفس کے ملازمین 2016 کے کیے ہوئے وعدہ پر نظر لگائے ہوئے ہیں۔ محکمے کی جانب سے اپ گریڈیشن اور نئے ملازمین بھرتی کرنے کا وعدہ تاحال تاخیر کا شکار ہے جس کے سبب ملازمین سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔



ملازمین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں آج بھی تنخواہ وہیں کی وہیں ہے جبکہ 3 ملازموں کا کام ایک سے لیا جا رہا ہے۔ اب مزید ایسا نہیں چلے گا، حکومت سے خصوصی نظرثانی کی درخواست کرتے ہیں۔ حکومت اور محکمہ اپنے کیے ہوئے وعدے پورے کرے تاکہ ملازمین کی زندگیاں آسان ہو سکیں اور وہ معاشی پریشانیوں سے آزاد ہو کر ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔

واضح رہے کہ ملک میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وفاقی وزیر مراد سعید کے ماتحت چلنے والے ادارے پاکستان پوسٹ کے ریونیو میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، لیکن اس اضافے سے محکمے کے ملازمین کی مشکلات حل نہیں ہو رہیں بلکہ وہ سراپا احتجاج ہیں۔