لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کو مزید 2 مقدمات میں ساڑھے چودہ، چودہ سال قید کی سزائیں سنا دیں۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ایک کے جج ارشد حسین بھٹہ کی عدالت میں جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کے خلاف سی ٹی ڈی کی طرف سے لاہور اور سرگودھا میں درج مقدمات 23/19 اور 41/19 کی سماعت ہوئی۔ گواہوں کے بیانات اور جرح مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا گیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی طرف سے دونوں مقدمات میں جماعت الدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو ساڑھے 14،14 سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمٰن مکی کو 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔
گواہوں کے بیانات پر حافظ محمد سعید و دیگر رہنماﺅں کے وکیل نصیرالدین نیئر اور محمد عمران فضل گل ایڈووکیٹ کی طرف سے جرح کی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں جماعت الدعوۃ کے رہنماﺅں کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالتوں سے جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کو اس سے قبل بھی 3 درجن سے زائد مقدمات میں سزائیں سنائی جا چکی ہیں