'مسلم لیگ (ن) نے جن امیدواروں کو ٹکٹ دیا، وہی شکست کا باعث بنے'

'مسلم لیگ (ن) نے جن امیدواروں کو ٹکٹ دیا، وہی شکست کا باعث بنے'
پنجاب کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی شکست کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ صرف عوامل تھے۔ اصل میں جن امیدواروں کو ٹکٹ دیئے گئے، وہی صوبے کی سب سے بڑی جماعت کی شکست کا باعث بنے۔

یہ انکشاف وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ضمنی الیکشن میں شکست کے محرکات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ تمام اہم رہنمائوں نے لیگی صدر کے سامنے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔

شہباز شریف کے زیر صدارت اجلاس میں میں یہ رپورٹس مسلم لیگ ن کے سینئر رہنمائوں سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق اور رانا ثناء اللہ کی جانب سے پیش کی گئیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر کو پیش کی گئی رپورٹس میں انکشاف کیا گیا کہ موزوں امیدوار نہ ہونے کے باعث ن لیگی ووٹرز نے ووٹ نہیں ڈالا۔ امیدوار ہی شکست کا باعث بنے، جن کو جیت کیلئے ٹکٹ دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ لیگی رہنمائوں نے اپنے ووٹروں کو گھروں سے نکالنے کیلئے کوئی کوشش ہی نہیں کی۔

ان رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے ضمنی انتخابات میں ہارنے کی وجہ مہنگائی میں اضافہ اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتیں تھیں لیکن یہ صرف عوامل تھے۔ اس کے علاوہ رپورٹ میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو تھا یا کام کو عزت دو اس پر بھی لیگی ووٹر تقسیم نظر آئے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی سربراہی میں بھی پارٹی کا ایک ہنگامی اجلاس ہوا جس میں پنجاب اسمبلی کے ضمنی انتخابات سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔

نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنماؤں کے اجلاس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز، مریم نواز، رانا ثناء اللہ، ملک احمد خان، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، ایاز صادق، عطا تارڑ، اویس لغاری اور مریم اورنگزیب بھی شریک تھے۔

اجلاس کے دوران پنجاب میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی، جس میں شکست کی بنیادی وجہ مقامی رہنماؤں کی آپسی نااتفاقی کو قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پارٹی رہنماؤں نےامیدواروں کے لئے کھل کر انتخابی مہم نہیں چلائی، اس کے علاوہ مہنگائی، پیڑول کی قیمت اور ڈالر کی اُڑان بھی شکست کی وجہ بنی۔