ایئرچیف ظہیر احمد بابرسدھو کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع

پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر سدھو اپنی تقرری کے 3 سال مکمل کرنے کے بعد آج 18 مارچ ریٹائرڈ ہورہے تھے۔ تاہم ان کی مدت ملازمت میں ایک سال کے لیے توسیع کر دی گئی ہے۔ 

ایئرچیف ظہیر احمد بابرسدھو کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع

وزیراعظم  شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کر دی۔ 

تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کےسربراہ ظہیر احمد بابر سدھو اپنی تقرری کے 3 سال مکمل کرنے کے بعد آج  18 مارچ ریٹائرڈ ہورہے تھے۔تاہم ان  کی مدت ملازمت میں ایک سال کے لیے توسیع کر دی گئی ہے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے ایئر چیف مارشل کی مدت ملازمت میں توسیع کی ایڈوائزری صدر آصف علی زرداری کو بھجوائی تھی جسے منظور کر لیا گیا۔ صدر مملکت کی منظوری کے بعد ظہیر بابر کو توسیع دے دی۔ صدرِ مملکت ایئر چیف ظہیر بابر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو 16 اپریل 1965 کو پنجاب کے شہر گجرات کے گاؤں سدھ میں پیدا ہوئے۔ضلع گجرات سے تعلق رکھنے والے یہ تیسرے سروسز چیف ہیں۔ اس سے قبل ایڈمرل محمد شریف اور جنرل راحیل شریف سروسز چیفس رہ چکے ہیں۔ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو معروف عالم دین حکیم غلام محمد کے صاحبزادے ہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے 1986 میں بطور فائٹر پائلٹ پاک فضائیہ میں بطور پائلٹ آفیسر شمولیت اختیار کی۔ اپریل 1988 میں فلائٹ آفیسر، مارچ 1990 میں فلائٹ لیفٹیننٹ، ستمبر 1993 میں سکواڈرن لیڈر، اگست 2001 میں ونگ کمانڈر، مارچ 2007 میں گروپ کپتان، ستمبر 2012 میں ایک سٹار ایئر کموڈور، جولائی 2015 میں 2 سٹار ایئر وائس مارشل، جولائی 2018 میں 3 سٹار ایئر مارشل جبکہ مارچ 2021 میں 4 سٹار ایئر چیف مارشل کے عہدے پر ترقی ملی۔

ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو برطانیہ کے کامبیٹ کمانڈرز سکول، ایئر وار کالج اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز سے فارغ التحصیل ہیں۔ انہیں خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز (ملٹری)، تمغہ امتیاز (ملٹری)، ہلال امتیاز (ملٹری) اور نشان امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ جبکہ ترکیہ کی جانب سے ترک لیجن آف میرٹ کا اعزاز بھی مل چکا ہے۔

ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف دی ایئر سٹاف (آپریشن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ)، اسسٹنٹ چیف آف ایئر سٹاف (ٹریننگ آفیسرز)، ڈائریکٹر جنرل پروجیکٹس، وزارت دفاع میں بطور ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ وہ فائٹر سکواڈرن، آپریشنل ایئر بیس اور علاقائی کمانڈ بھی کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم شہباز شریف سے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ملاقات کی تھی جس میں پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی تھی۔