عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما غلام بلور کی کرونا رپورٹ مثبت آ گئی۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما غلام بلور بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئے، غلام احمد بلور کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور وہ گھر میں قرنطینہ ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بہت سے سیاسی و سماجی رہنما اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں، اور ان میں سرفہرست سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، اراکین سندھ اسمبلی ایم کیو ایم کی منگلا شرما، اور ایم ایم اے کے سید عبدالرشید، وزیرتعلیم سندھ سعید غنی، کے پی کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی، پی ٹی آئی ایم پی اے عبدالسلام آفریدی، سینیٹر مرزامحمد آفریدی، اور وزیر خزانہ بلوچستان ظہور بلیدی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ دنیا بھر سمیت پاکستان میں پھیلے کرونا وائرس کے مریض دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اور اب تک ملک میں عالمی وبا کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 43 ہزار 158 ہوگئی ہے جبکہ اموات 923 تک جا پہنچی ہیں۔
سرکاری سطح پر کرونا وائرس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج (18 مئی کو) ابھی تک ملک میں 1858 مریضوں کا اضافہ ہوا۔
خیال رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری، 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے ساتھ ہی اس وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی گئی اور بعدازاں لاک ڈاؤن بھی نافذ کیاگیا تھا۔ تاہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے 9 مئی سے اس میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کیا تھا اور آج سے مختلف صوبوں میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی بحال کی جارہی ہے۔