Get Alerts

سندھ حکومت کا منفرد اعزاز: گمبٹ ہسپتال میں جگر کے 200 مریضوں کے مفت ٹرانسپلانٹ

سندھ حکومت کا منفرد اعزاز: گمبٹ ہسپتال میں جگر کے 200 مریضوں کے مفت ٹرانسپلانٹ
سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے گمبٹ میں واقع پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز گمبٹ نے جگر کی 200 مفت پیوند کاریاں کرنے کا منفرد ریکارڈ حاصل کرلیا۔

شعبہ جگر پیوند کاری کے سربراہ ڈاکٹر عبدالوہاب ڈوگر اور اُن کی ٹیم گذشتہ کئی برس سے ہسپتال میں جگر کی پیوندکاری کے کامیاب آپریشن کر رہی ہے، جن میں سے اب تک 200 غریب اور مستحق افراد کا بالکل مفت علاج کیا گیا، مریضوں کی 15، 15 گھنٹے طویل اور پیچیدہ سرجریز کی گئیں ہیں۔

ہسپتال کی جانب سے مریضوں کو تمام سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جاتی ہیں، پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سندھ حکومت کی زیر نگرانی چل رہا ہے۔

ڈاکٹر عبدالوہاب ڈوگر نے بتایا کہ گذشتہ برس تک ہم نے 50 مریضوں کی پیوندکاریاں کی تھیں، جس کے بعد ہم نے اس پروگرام کو بڑھایا اور ایک سال میں ڈیڑھ سو مزید آپریشن کیے، جن مریضوں کے آپریشن کیے گئے اُن میں سے 114 مریض سندھ ، 49 پنجاب سے، 32 بلوچستان سمیت آزاد جموں کشمیر، خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان سے تھے۔

ڈاکٹر عبدالوہاب کا کہنا تھا کہ ہم جگر کی پیوندکاری کی سروس پورے پاکستان کو فراہم کر رہے ہیں اور اس سلسلے کو انشااللہ اسی طرح جاری و ساری رکھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عبدالوہاب کا کہنا تھا کہ علاج و معالجہ بہت مہنگا پڑتا ہے، ایک ٹرانسپلانٹ میں تقریباً تیس سے چالیس لاکھ روپے کے اخراجات آتے ہیں، جتنے بھی آپریشن ہوئے یا مریضوں کو سہولیات فراہم کی گئیں اُس کے تمام اخراجات سندھ حکومت نے برداشت کیے ہیں۔

ڈاکٹر عبدالوہاب نے بتایا کہ ہسپتال میں صرف ٹرانسپلانٹ ہی نہیں بلکہ جگر سے متعلقہ دیگر اور بیماریوں کا علاج جیسے جگر کا کینسر، ہیپاٹائٹس، جگر کی نالی کا بند ہونا سمیت دیگر امراض کے علاج کی سہولت بھی موجود ہے۔