جناح ہاؤس حملہ کیس : لاہور ہائیکورٹ نے خدیجہ شاہ کی ضمانت منظور کر لی

فیصلہ سنائے جانے کے وقت خدیجہ شاہ کے خاوند ، والدہ بہن سمیت دیگر رشتہ دار بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے. عدالتی فیصلے کے بعد خدیجہ شاہ کے خاوند کا کہنا تھا اللہ کا شکر ہے انہیں انصاف مل گیا۔

جناح ہاؤس حملہ کیس : لاہور ہائیکورٹ نے خدیجہ شاہ کی ضمانت منظور کر لی

لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی کے پُرتشدد احتجاج کے دوران جناح ہاؤس حملہ اور عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے   مقدمہ میں فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کی درخواست بعد از گرفتاری منظور کرلی۔

ہائیکورٹ کی جسٹس مس عالیہ نیلم اور اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے تحریک انصاف کی ورکر معروف ڈیزائنر خدیجہ شاہ سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ خدیجہ شاہ نے عسکری ٹاور اور جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ضمانتیں دائر کی تھیں۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

عدالت نے ملزمہ خدیجہ شاہ کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے مزید 6 ملزمان کی بھی ضمانتیں منظور کیں جبکہ نامزد ملزم سفیان کی ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی.

فیصلہ سنائے جانے کے وقت خدیجہ شاہ کے خاوند ، والدہ بہن سمیت دیگر رشتہ دار بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے. عدالتی فیصلے کے بعد خدیجہ شاہ کے خاوند کا کہنا تھا اللہ کا شکر ہے انہیں انصاف مل گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خدیجہ شاہ سابق مشیر خزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی ہیں اور ان کے خلاف جناح ہاؤس پر حملے کے تمام ثبوت پولیس نے حاصل کر لئے ہیں، ملزمہ 9 مئی کو فون کرکے لوگوں کو بلاتی رہی تھیں۔

خدیجہ شاہ سابق آرمی چیف آصف نواز جنجوعہ کی نواسی اور سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی بیٹی ہیں۔ اور وہ مشہور فیشن برانڈ ”ایلان“ کی کریٹو ڈائریکٹر بھی ہیں۔