Get Alerts

’بادشاہ سلامت‘ کے لندن میں بیٹھے ’آہنی مرد‘ کے ساتھ روابط

’بادشاہ سلامت‘ کے لندن میں بیٹھے ’آہنی مرد‘ کے ساتھ روابط
پاکستان کے معروف ہفت روزہ The Friday Times میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف سے کچھ اہم افراد نے لندن میں ملاقات کی ہے اور اس ملاقات میں نواز شریف نے ان کو پاکستان میں حالیہ دنوں میں ہونے والی شیعہ سنی چپقلش سے متعلق اپنی ناپسندیدگی کے بارے میں واضح پیغام دے دیا ہے۔

فرائیڈے ٹائمز کے سیکشن سچ گپ میں اکثر نواز شریف کو The Man of Steel کہا جاتا ہے۔ یہ الفاظ مسلم لیگ نواز کے اپنے لیڈران کی جانب سے ماضی میں استعمال کیے جا چکے ہیں جنہیں Friday Times اس سیکشن میں ان کے لئے استعارے کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ اسی خبر میں سعودی بادشاہ کے لئے Al-King کی اصطلاح استعمال کی گئی ہے۔

خبر کے مطابق نواز شریف سے کچھ لوگوں کی لندن میں ملاقات ہوئی ہے اور یہ ملاقات گذشتہ ماہ ہونے والی اس ملاقات کا شاخسانہ تھی جس میں ایک اہم شخصیت نے سعودی بادشاہ کا پیغام نواز شریف تک پہنچایا تھا۔ اب ہونے والی ملاقات میں بھی ملاقاتیوں کے پاس بادشاہ سلامت کی طرف سے دی گئی ایک تفصیلی دستاویز تھی۔

خبر میں لکھا گیا ہے کہ اخبار کی اطلاع کے مطابق نواز شریف نے اس موقع پر خاص طور پر حالیہ فرقہ ورانہ تشدد کی لہر پر نکتہ چینی کی تاکہ پیغام بروں کو اس حوالے سے واضح پیغام مل جائے کہ وہ اپنے ملک میں کسی قسم کی افراتفری کے حق میں نہیں۔