اداکارہ میرا نے شاہ رخ خان سے ملاقاتوں کا احوال بیان کر دیا

اداکارہ میرا نے کہا کہ دلیپ کمار نے گھر پر دعوت کی اور مجھے دیکھ کر بہت خوش ہوئے تھے۔ انہوں نے بہت سراہا اور کہا کہ آپ سے پاکستان کی، لاہور کی خوشبو آرہی ہے۔

اداکارہ میرا نے شاہ رخ خان سے ملاقاتوں کا احوال بیان کر دیا

پاکستانی اداکارہ میرا نے   بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان سے ملاقاتوں کا احوال بیان کرتے ہوئےکہا ہے کہ شاہ رخ خان  کے ساتھ ہر ملاقات بہت اچھی رہی وہ ایک شاندار آدمی ہیں۔

پاکستانی فلموں کی ماضی کی معروف اداکارہ میرا جو میڈیا میں آئے روز اپنے نت نئے سکینڈلز کے باعث ڈراما کوئین کے نام سے بھی پکاری جاتی ہیں انہوں نے حال ہی نجی نیوز چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے فلمی کیریئر  پر گفتگو کی۔ انٹرویو کے دوران اداکارہ میرا نے کہا کہ بھارت میں شاہ رخ خان سمیت دیگر بالی ووڈ سٹارز سے ملاقاتیں کیں۔

میرا نے کہا کہ بالی ووڈ میگا سٹار شاہ رخ خان سے 4 مرتبہ ملاقاتیں ہوئیں۔ ہر ملاقات بہت اچھی رہی وہ ایک شاندار آدمی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہ رخ خان سے ایک ملاقات اداکار ابھیشک بچن کی سالگرہ پر اور دوسری ملاقات دلیپ کمار صاحب کے گھر کھانے کی دعوت پر ہوئی۔ اس کے علاوہ شاہ رخ سے دبئی میں بھی ملاقات ہوئی اور ہر بار ان سے ملاقات کا تجربہ بہت ہی اچھا رہا۔

اداکارہ نے کہا کہ میں سونامی کے متاثرین کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے بھارت گئی تھی۔ اداکار سنجے دت نے خود فون کرکے شوز کرنے کو کہا۔ دلیپ کمار نے گھر پر دعوت کی اور مجھے دیکھ کر بہت خوش ہوئے تھے۔ انہوں نے بہت سراہا اور کہا کہ آپ سے پاکستان کی، لاہور کی خوشبو آرہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں میرا کو سکینڈل کوئین کے نام سےبھی جانا جاتا ہے۔ میرا کو ان کی غلط انگریزی بولنے کی وجہ سے بھی کافی شہرت حاصل ہے اور وہ اس حوالے سے خبروں کی زینت بھی بنتی رہی ہیں۔

اداکارہ میرا کا شمار 1990 کی مقبول پاکستانی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کم از کم تین بھارتی فلموں میں بھی کام کر رکھا ہے اور ان کی متعدد متنازع ویڈیوز بھی ماضی میں لیک ہو چکی ہیں۔