Get Alerts

لاہور: دولت کے لیے 6  شادیاں کرنیوالے پولیس اہلکار کیخلاف مقدمہ درج

لاہور: دولت کے لیے 6  شادیاں کرنیوالے پولیس اہلکار کیخلاف مقدمہ درج
لاہور: نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے علاقہ مصری شاہ میں مبینہ طور پر لڑکیوں سے مال بٹورنے کے لئے 6 شادیاں کرنے والے پولیس اہلکار کے خلاف مبینہ چھٹی بیوی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، تاہم ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لئے عبوری ضمانت کروا رکھی ہے۔

ایس ایس پی انوسٹی گیشن ذیشان اصغر کے مطابق قلعہ گجر سنگھ پولیس لائن میں میں تعینات کانسٹیبل عمران یونس کے خلاف آمنہ نامی مبینہ چھٹی بیوی نے مقدمہ درج کرایا ہے۔

خاتون نے بیان دیا ہے کہ فیصل یونس رشتہ کروانے والوں کو پیسے دیکر اپنے رشتہ بھجوانے کے ساتھ ساتھ لڑکیوں کو نوکری کا جھانسہ بھی دیتا ہے،ان کا کہنا تھا کہ فیصل یونس سے میری شادی تیرہ مئی 2018 میں ہوئی، ملزم مجھ سے مکاری کے ساتھ میرے گھر والوں سے پیسے منگواتا رہا، اور اب تک 8 لاکھ مالیت کا سامان، جہیز اور رقم سمیت زیورات بھی قبضے میں لے لیے ہیں۔

آمنہ نے بتایا کہ ایک روز ملزم کے اسٹور سے اس کی سابقہ 3 بیویوں کے اسٹام پیپرز ملے جس کے بعد میں نے اپنے طور پر تحقیقات کیں تو پتہ چلا کہ اس نے مجھ سے قبل بھی 5 شادیاں کر رکھی ہیں، پہلی شادی لاہور باغباپورہ کی انم منیر سے کی جس سے اس کا ایک 7 سالہ بیٹا ہے، دوسری شادی گوجرانوالہ کی رہائشی عاطفہ ثروت سے کی جس سے ایک بیٹی پیدا ہوئی، تیسری شادی گجرات کی ثمرہ سے ہوئی اور یہ رشتہ فیصل کی والدہ نے اپنے آبائی گائوں میں کروایا تھا۔ چوتھی شادی مصری شاہ لاہورکی جویریہ، پانچویں لاہور گھوڑے شاہ کی حافظہ مقدس کبیر جبکہ چھٹی شادی مجھ سے کی۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ اب تک حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق ملزم فیصل نے 5 شادیاں کر رکھیں ہیں لیکن مدعیہ آمنہ کے مطابق فیصل نے چھ شادیاں کی ہوئیں ہیں اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، تاہم ملزم فیصل 30 اپریل تک عبوری ضمانت پر ہے۔