Get Alerts

بدقسمتی سے پاکستان کی مذہبی اور سیاسی جماعتیں اسلام کو غلط استعمال کرتی ہیں، وزیر اعظم

بدقسمتی سے پاکستان کی مذہبی اور سیاسی جماعتیں اسلام کو غلط استعمال کرتی ہیں، وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ بدقسمتی سے کئی مرتبہ سیاسی اور  دینی جماعتیں اسلام کو غلط استعمال کرتی ہیں جس سے وہ اپنے ملک کو نقصان پہنچاتی ہیں۔


اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’بڑی بدقسمتی ہے ملک میں کئی مرتبہ سیاسی  اور دینی جماعتیں اسلام کو غلط استعمال کرتی ہیں اور ایسا استعمال کرتی ہیں کہ اپنے ملک کو نقصان پہنچاتی ہیں، اس سے دوسروں کو کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اپنے ملک اور لوگوں کو نقصان پہنچتا ہے‘۔


انہوں نے کہا کہ ’واضح کردوں ہمارے لوگ نبیﷺ سے پیار کرتے ہیں، یہ وہ ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، میں نے اس طرح کا دین سے لگاؤ اور اپنے نبیﷺ سے عشق کسی ملک میں نہیں دیکھا جو ہمارے ملک میں ہے‘۔


وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہم سب کا مقصد ایک ہے لیکن افسوس ہوتا ہے کئی مرتبہ اس پیار کو غلط استعمال کیا جاتا ہے، کیا حکومت کو اس کی فکر نہیں؟ جب ہمارے نبیﷺ کی شان میں گستاخی ہوتی ہے تو کیا ہمیں تکلیف نہیں ہوتی؟ یہ کون فیصلہ کرے گا؟ کیا کسی کے دل کو کسی نے چیر کر دیکھا کہ نبیﷺ سے کون زیادہ پیار کرتا ہے‘۔


انہوں نے مزید کہا کہ ’اس چیز کو جب غلط طریقے سے استعمال کرتے ہیں تو دین کو فائدہ نہیں پہنچا رہے، اس سے جس ملک میں جرم ہورہا ہے ان کو نہیں اپنے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں‘۔


وزیراعظم نے کہا کہ ’قوم سے وعدہ ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں اگر دنیا میں کوئی مہم چلائے گا وہ میں چلاؤں گا اور ہم نے مہم چلانا شروع کردی ہے، مسلمان ملکوں کے سربراہوں کو ساتھ ملا کر پوری طرح اپنا کیس پیش کریں گے، جب ہم مہم چلائیں گے تو اس سے فرق پڑے گا جب جاکر مغرب میں تبدیلی آئے گی،ایک وقت وہ آئیگا کہ مغرب میں لوگوں کو ہمارے نبیﷺ کی شان میں گستاخی کا خوف ہوگا، اس کے لیے مہم کی ضرورت ہے، اپنے ملک میں توڑ پھوڑ کرکے مغرب میں کوئی فرق نہیں پڑرہا ہے، اس طرح ہم اپنا نقصان کررہے ہیں‘۔


انہوں نے مزید کہا کہ ’میری مہم سے ہمیشہ کے لیے اس مسئلے کو حل کریں گے تاکہ کوئی باہر بیٹھ کر ہمارے نبیﷺ کی توہین نہ کرے‘۔


یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے تحریک لبیک کی حمایت کا اعلان کیا تھا اور پاکستان تحریک انصاف نے تحریک لبیک کے فیض آباد میں جاری دھرنے کی حمایت کی تھی۔