بھارتی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں اپنی تاریخ کے کم ترین اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے بارڈر-گواسکر سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں آسٹریلوی فاسٹ بولرز کی تباہ کن بولنگ کے سامنے بھارتی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کے کم ترین سکور صرف 36 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی سمیت بھارتی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا، سب سے زیادہ 9 رنز کی اننگز مینک اگروال نے کھیلی جبکہ ہمن ویہاڑی نے 8 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزلوڈ نے صرف 8 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پیٹ کمنز نے بھی 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک بھارتی کھلاڑی ریٹائرڈ ہرٹ ہو گیا۔
بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 244 رنز بنا سکی تھی جس کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 191 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ آسان جیت کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔