لودھراں میں شوہر نے بیوی کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے تندور میں جلا دئیے۔
تفصیلات کے مطابق لودھراں کے علاقے کہروڑ پکا سے لاپتہ خاتون کو اس کے شوہر نے غیرت کے نام پر قتل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بیوی کے ٹکڑے کرکے تندور میں جلا دئیے جب کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد اس کی نشاندہی پر ہی لاش کے ٹکڑے برآمد کیے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے چند روز قبل مقتولہ کے والد سے کہا کہ ان کی بیٹی بھاگ گئی ہے جس پر مقتولہ کے والد نے اپنے داماد پر بیٹی کے قتل کے شبہ کا اظہار کیا۔ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے اعتراف جرم کر لیا۔میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کی لودہراں کی تحصیل کہروڑپکا کے نواحی علاقے چیلے وائین میں محمد شریف نے تھانہ صدر میں درخواست گزاری کہ اس کی بیوی کو اغوا کر لیا گیا ہے پولیس نے اغوا کا مقدمہ درج کرتے ہوئے خاتون کی تلاش شروع کر دی دوران تفتیش پولیس کو اغواء ہونے والی خاتون عشرت بی بی کے شوہر محمد شریف پر شبہ ہوا اور اسے شامل تفتیش کرلیا گیا۔
دوران تفتیش محمد شریف نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنی بیوی کو قتل کر دیا ہے اور اس کی لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کر کے اسے تندور میں جلا دیا ہے اور تندور میں جلانے کے بعد اسے قریبی نہر میں پھینک دیا اور پھر اس لرزہ خیز واردات کے بعد اس نے اپنی بیوی کےاغواء کا واویلا شروع کردیا۔ تمام تر حقائق سامنے آنے کے بعد پولیس نے محمد شریف کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ علاقے میں لرزہ خیز خونی واردات سے خوف و ہراس پھیل گیا مقتولہ عشرت بی بی تین بچوں کی ماں تھی، ڈی پی او لودھراں عبدالرؤف بابر نے اندھے قتل کو ٹریس کرنے پر ایس ایچ او تھانہ صدر ملک حبدار کو شاباش دی۔