حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے پی ڈی ایم اتحاد کو توڑنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں لیکن ہم بچے نہیں ہیں۔
جیو کی خبر کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں عقل دی ہے، اپنا نفع نقصان نہ سمجھ سکیں تو ہمیں سیاست کرنے کا حق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے آصف علی زرداری اور نواز شریف سمیت سب سے رابطے ہیں، پیپلز پارٹی نے سی ای سی کا اجلاس بلا لیا ہے، ان سے مثبت جواب کی امید ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا تجویز ہے کہ پہلے مرحلے میں صرف قومی اسمبلی سے استعفے دیے جائیں، دوسرے مرحلے میں صوبائی اسمبلیوں سے استعفے دینے کی تجویز ہے، سندھ اسمبلی سے سب سے آخر میں مستعفی ہونے کی تجویز ہے۔
انہوں نے بتایا کہ طے ہے ہمارے پاس احتجاجی تحریک کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، اگر صرف ایوانوں میں لڑنا ہے تو پھر پی ڈی ایم کیوں بنائی؟ ہمیں اسمبلیوں میں یا عوام میں جانے میں سے ایک راستہ منتخب کرنا ہے۔